Live Updates

حکومت اشیاء کی مصنوعی قلت ،گراں فروشی کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی‘ جمشید چیمہ

صوبے میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ،انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف متحرک کر دیا گیا ہے ‘ مرکزی رہنما

جمعہ 17 جنوری 2020 12:46

حکومت اشیاء کی مصنوعی قلت ،گراں فروشی کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اشیائے خوردونوش کی مصنوعی قلت اور گراں فروشی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی ، صوبے میں آٹے کا کوئی بحران نہیں اور انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف متحرک کر دیا گیا ہے ،حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور اپوزیشن کی ساری خواہشیں ان کے سینے میں دم توڑ جائیں گی ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور اس کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اجلاسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ پاکستان مشکل معاشی حالات سے باہر نکل رہا ہے اور انشا اللہ مضبوط معیشت کے ثمرات عوام کو منتقل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے اپنے وقتی سیاسی فائدے کیلئے معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے اور وہ فکر مند ہیں ، انشا اللہ بہت جلد عوام کی مشکلات کم ہوں گی اور ان کی زندگیوں میں اطمینان اور سکون آئے گا۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت کے مشکل او ر غیر معمولی فیصلوںکے نتائج ضرور سامنے آئیں گے اور انشا اللہ عوام آئندہ بھی تحریک انصاف کو حکومت میں لائیں گے جس سے ترقی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات