صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کررہی ہے، فضل حکیم یوسفزئی

جمعہ 17 جنوری 2020 13:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) پی ٹی آئی مالاکنڈڈویژن کے صدر و چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کررہی ہے ، ملک میں کھیلوں کو دوبارہ اس مقام تک پہنچائیں گے جہاں پاکستان کا مقام تھا ،تمام صوبوں کو زیادہ سے زیادہ سپورٹس کلچر کو فروغ دینا چاہئے۔

ان خیالات کااظہارانہوںسوات میں خیبرپختونخوا انڈر 21گیمز کی ٹرافی اور لوگو کی تقریب رونمائی کے حوالے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ریجنل سپورٹس آفیسر مالاکنڈ حضرت اللہ خٹک،مالاکنڈڈویژن کے تمام ضلعی سپورٹس افسران ، ذاکر اللہ،یوسف خان،شفقت اللہ اور کھلاڑیوں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے ٹیبلو اور نغمے پیش کرکے حاضرین سے خوب دادوصول کی۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں ان گیمز میں تحصیل کی سطح پر مرد کھلاڑیوں کے درمیان فٹبال،والی بال،ایتھلیٹکس،بیڈمنٹن،کبڈی اور رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے جس میں 588کھلاڑی حصہ لیں گی جبکہ خواتین کھلاڑی والی بال، نیٹ بال ،ایتھلیٹکس رسہ کشی، بیڈمنٹن ٹیبل ٹینس اور کرکٹ کے مقابلوں میں شرکت کریں گے ۔دوسرے مرحلے میں 113مرد کھلاڑی ہاکی ٹیبل ٹینس،جوڈ،کراٹے،تائیکوانڈو،ریسلنگ،باسکٹ بال،جمناسٹک،ووشو اور ویٹ لفٹنگ جبکہ تیسرے مرحلے میں 142مرد کھلاڑی ہینڈ بال،بیس بال،ٹینس،آرچری،فٹسال، تھروبال،سوئمنگ،سائیکلنگ،سنوکر،فل کنٹیکٹ کراٹے،باڈی بلڈنگ،باکسنگ،سکواش اور چک بال کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں خواتین کی82کھلاڑی دس گیمز میں شرکت کریں گی ان گیمز میں بیس بال،ہاکی،سکواش،ٹینس،آرچری،ووشو،جوڈو،تائیکوانڈو،باسکٹ بال اور ہینڈ بال شامل ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں خواتین کی107کھلاڑی شرکت کریں گی۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا انڈر21 گیمز کی ٹرافی اور لوگو کے بعد اب پہلے تحصیل پھرضلعی اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز کی سطح کے مقابلوں کا انعقاد ہورہا ہے۔انہوںنے کہاکہ انعامی رقم ونر کیلئے ایک لاکھ،رنر اپ کیلئے پچاس ہزار اور تیسری پوزیشن کیلئی25 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف بھی دیئے جائیں گے ۔