سپریم کورٹ نے ڈپٹی جنرل منیجر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی نوکری پر بحالی کی درخواست خارج کردی

جمعہ 17 جنوری 2020 13:30

سپریم کورٹ نے ڈپٹی جنرل منیجر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی نوکری پر بحالی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) سپریم کورٹ نے ڈپٹی جنرل منیجر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی نوکری پر بحالی کی درخواست خارج کردی۔جمعہ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دور ان سماعت درخواست گزار نے کہاکہ لاہور ٹرانسپورٹ پرائیویٹ کمپنی لمیٹڈ میں بطور ڈپٹی منیجر کام کر رہا تھا مجھے رول کے برخلاف نکال دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ جس عہدے پر کام کررہے تھے وہ عہدہ ہی ختم ہو گیا، درخواست گزار صرف مالی نقصانات کا تقاضا کر سکتا ہے۔ درخواست گزار نے کہاکہ نوکری کا صرف ایک سال رہ گیا ہے، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ پنجاب حکومت کی 56 بنائی گئی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اب ان کمپنیوں میں کوئی نہیں رہے گا، یہ ساری کمپنیاں ختم ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ ان کمپنیوں کے اب سب لوگ گھر جائیں گے، پنجاب کی ان 56 کمپنیوں میں سے اب ایک کمپنی بھی نہیں بچے گی۔ درخواست گزار محمد حنیف سپریم کورٹ میں جذباتی ہو گیا اور کہاکہ کوئی کرپشن نہیں کی کوئی چوری نہیں کی، آپ کو اللہ کا واسطہ ہے میری بیٹیاں ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عدالت میں جذباتی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں کوئی اور کام ڈھونڈ لیں۔ عدالت نے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی ذیلی کمیٹی کو محمد حنیف کا کیس دوبارہ دیکھنے کی ہدایت کر دی۔