صوبہ پنجاب کو ہر قسم کے نشہ سے پاک کرنے کے لئے حکمت عملی تیار،

منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بحالی مراکز قائم کئے جائیں گے،سید سعید الحسن شاہ

جمعہ 17 جنوری 2020 17:28

صوبہ پنجاب کو ہر قسم کے نشہ سے پاک کرنے کے لئے حکمت عملی تیار،
لاہور۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کو ہر قسم کے نشہ سے پاک کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے تین بڑے شہروں لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں بحالی مراکز قائم کئے جائیں گے، اپنے آفس میں مختلف سماجی اداروں کے وفد سے ملا قات میںانہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور خاتمے کیلئے عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور اور آگا ہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔اس سلسلہ میںاس سے نقصانات سے آگاہی کے لئے ہر سطح پر مہم چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

معاشرے سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے علماء کرام اورسول سوسائٹیاںاپنا اپنا ا ہم کردار ادا کرنے کے لئے میدان عمل میں آ ئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلنگ کے کا م کو مقررہ مدت میں مکمل کرے گی ۔

حکومت نے نشے کے عادی افراد کا ڈیٹا بیس مرتب کرنے، جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ پروفائلنگ اور بائیو میٹرک تصدیق سے متعلق بھی ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلنگ کا کام حکومتی ہدایت پر مارچ کے اختتا م تک مکمل کر لیا جائے گا۔