کراچی میں قومی کھیل کا میلہ کل سے سجے گا، 3میچوں کی ہاکی سریز کے لئے عمان کی ٹیم کراچی پہنچ گئی

جمعہ 17 جنوری 2020 18:09

کراچی میں قومی کھیل کا میلہ کل سے سجے گا، 3میچوں کی ہاکی سریز کے لئے ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) اولمپئن اصلاح الدین ڈاکٹر شاہ ہاکی اکیڈمی پر کل (ہفتہ) سے قومی کھیل (ہاکی) کا میلہ سجے گا،3 میچوں کے ہاکی سریز کھیلنے کے لئے عمان وینٹرنز کی ٹیم کراچی پہنچ گئی۔ کراچی ایئرپوٹ پر اولمپئن اصلاح الدین، اولمپئن سمیر حسین، سریز کے کوآرڈینٹر عارف صدیقی، کمشنر کراچی کے اسپورٹس کوآرڈٰنیٹر غلام محمد خان، نیشنل بنک شعبہ اسپورٹس کے پی آر او عظمت اللہ خان اور دیگر موجود تھے۔

عمان ویٹرنز کی ٹیم کی قیادت یوسف شیخ کررہے ہیں جبکہ کوچ عبدالرحمن اور ٹیم منیجر مصطفی شامل ہیں۔3 میچوں کی سیریزکا پہلا میچ (آج ) 18جنوری ہفتہ کو شام 6 بجے اولمپئن اصلاح الدین ڈاکٹر شاہ ہاکی اکیڈمی پر کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھو کھر ہوں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے 3 میچوں کی ہاکی سیریز کے کراچی میں انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے قومی کھیل ہاکی کے فروغ میں اہم سنگ میل قرارد یا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پر امن اور محفوظ ماحول میں کھیلوں کا انعقاد نہ صرف نیک شگون ہے بلکہ امن و اتحاد اور بھائی چارگی کا ضامن ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ بین الاقوامی ٹیموں اور کھلاڑیوں کا پاکستان میں کھیلنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور قوم کھیلوں سے محبت کرتی ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ 3 میچوں کی ہاکی سریز کے موقع پر تمام تر انتظامات میں منتظمین سے تعاون کیا جائیگا۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ہدایت کی کہ ہاکی سریز کے حوالے سے انتظامات میں منتظمین سے مکمل تعاون کیا جائے۔