Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک سال میں 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں، حما د اظہر

رولز کے مطابق یہ ضروری ہے کہ اگر قرضوں کی شرح مقررہ حد سے بڑھ جائے تو وزارتوں کو اس سلسلے میں دونوں ایوانوں کو بتانا چاہئے کہ کیا وجوہات ہوئیں جن کی وجہ سے ہمیں مقررہ حد سے زیادہ قرضے لینا پڑے ہیں،وفاقی وزیر اقتصادی امور کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

جمعہ 17 جنوری 2020 22:01

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک سال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2020ء) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک سال میں 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 2 سے 3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، بجلی اور گیس کی قیمت نہ بڑھاتے تو ماضی میں بجلی اور گیس کی خریداری کے لئے زیادہ قیمت پر کئے جانے والے معاہدوں کو کیسے پورا کیا جاتا۔

پاکستان میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی کی شرح 12 فیصد سے زیادہ کبھی نہیں بڑھی،انہوں نے کہا کہ رولز کے مطابق یہ ضروری ہے کہ اگر قرضوں کی شرح مقررہ حد سے بڑھ جائے تو وزارتوں کو اس سلسلے میں دونوں ایوانوں کو بتانا چاہئے کہ کیا وجوہات ہوئیں جن کی وجہ سے ہمیں مقررہ حد سے زیادہ قرضے لینا پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر جہانزیب جمالدینی، سینیٹر عبدالرحمان ملک اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پہلے 9 ماہ میں مالیاتی خسارہ 1922 ارب روپے رہا جو کہ جی ڈی پی کا 5 فیصد بنتا ہے۔

مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لئے حکومت نے مختلف اقدامات کئے ہیں جن میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات، نئی اسامیوں کی تشکیل پر پابندی، بیرون ملک دوروں پر وفود کی روانگی کی ممانعت، گاڑیوں کی خریداری پر پابندی اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں پاکستان میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی میں صرف 2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو اس وقت 11 فیصد ہے اور ابھی ہم ہدف کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ٹیکس وصولی میں 17 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی کی شرح پاکستان میں کبھی بھی 15 فیصد نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو سال میں ہم اسے ساڑھے چار سے چار فیصد تک لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر ایک وقت میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس 3 ارب ڈالر رہ گئے تھے لیکن اس کے بعد ان میں اضافہ ہوا ہے اور موجودہ حکومت کے دور میں 2 سے 3 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت نے 10 ارب ڈالر کے قرضے ایک سال میں واپس کئے ہیں، اس کے علاوہ کریڈٹ سواب بھی ادا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو بحران سے نکالنے کے لئے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمت نہ بڑھاتے تو ماضی میں بجلی اور گیس کی خریداری کے جو مہنگے معاہدے کئے گئے ان کو کیسے پورا کیا جاتا۔ اگر وہ پورا نہ کرتے تو ڈیفالٹ ہو جاتا اور اس سے مہنگائی مزید بڑھ جاتی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات