مقبوضہ وادی میں رہنے والوں کے تمام حقوق ختم کر دئیے گئے ہیں ، یاسین ملک کو تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے،

حکومت پاکستان اس معاملے کو دنیا کے سامنے اٹھائے اور انہیں رہائی دلوائے ،بھارت میں نیوکلیئر کمانڈ آر ایس ایس کے پاس ہے ، بھارت کے ہر کونے سے آزادی کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں،اکھنڈ بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ گیا ہے، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی بیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 17 جنوری 2020 23:46

لاہور۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں رہنے والوں کے تمام حقوق ختم کر دئیے گئے ہیں ، یاسین ملک کو پہلے جموں جیل اور اب تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے،پاکستان کی حکمومت اس معاملے کو دنیا کے سامنے اٹھائے اور انہیں رہائی دلوائے ،بھارت میں نیوکلیئر کمانڈ آر ایس ایس کے پاس ہے ، بھارت کے ہر کونے سے آزادی کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں،اکھنڈ بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ گیا ہے،کشمیر پاکستان کی لائف لائن ہے اسکی پالیسی کو کشمیر کے لیے بنانا ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں اپنی بیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مشعال ملک نے کہا کہ مشکل ترین وقت میں میڈیا نے بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ہماری آواز کو پوری دنیا میں پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے سارے حقوق ختم کر دیئے ہیں،کشمیر میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو پہلے جموں جیل اور اب تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے ،پاکستان کی حکومت اس معاملے کو اٹھائے اور یاسین ملک کو رہائی دلوائے ، انہوں نے کہا کہ خاندان کے کسی بھی شخص کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ،ایک سال ہونے کو ہے یاسین ملک سے بات نہیں کرنے دی گئی ،یاسین ملک کی جان کو خطرات لا حق ہیں،ان کی صحت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارت میں نیوکلیئر کمانڈآر ایس ایس کے پاس ہے ، بھارت کے ہر کونے سے آزادی کی آوازیں سنائی دے رہی ہے ،اکھنڈ بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کو مسئلہ حل کرنے کے لیے بھارت سے بات کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پانچ دہائیاںصبر سے گزاری ،آج کشمیر میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی لائف لائن ہے اس کی پالیسی کو کشمیر کے لیے بنانا ضروری ہے ۔ا نہوںنے کہا کہ مجھے اس پر فخر ہے کہ کشمیریوں کے لیے کام کر رہی ہوں ،کشمیر میں مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے جس کے لیے مستقل پالیسی بنائی جائے ،پوری دنیا کی توجہ کشمیر پر مرکوز کروانی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی اندرونی صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے ، بھارت میں جنگ جیسی سی صورت حال ہے جو رکنے والی نہیں۔