ملک کے کئی علاقوں میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے

زلزلے کے شدید جھٹکے سوات اور خیبرپختونخواہ کے دیگر کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 جنوری 2020 22:09

ملک کے کئی علاقوں میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جنوری2020ء) ملک کے کئی علاقوں میں رات گئے زلزلے کے شدید جھٹکے، زلزلے کے شدید جھٹکے سوات اور خیبرپختونخواہ کے دیگر کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ان دنوں مسلسل شدید زلزلوں کی زد میں ہے۔ آج جمعہ کی شب کو خیبرپختوںخواہ کے مختلف علاقوں میں پھر سے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے سوات اور صوبے کے دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ عمارتیں لرز گئیں۔ ان علاقوں میں اس وقت موسم شدید سرد ہے اور برفباری و بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تاہم اس کے باوجود لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران لوگ مسلسل اور باآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

(جاری ہے)

تاہم زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ جبکہ زلزلے کی شدت، مرکز اور گہرائی کے حوالے سے تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں ایک سے زائد مرتبہ شدید زلزلے آئے۔ سب سے شدید زلزلے کی شدت 6 سے زائد رہی تھی۔ جبکہ دسمبر کے آخری ایام میں ایک دن میں چند ہی منٹوں کے وقفے سے تین مرتبہ شدید زلزلہ آیا تھا۔ ماہرین بھی خبردار کر چکے ہیں 2020 پاکستان کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، رواں برس پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں رہے گا۔