علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی راولپنڈی ریجن کے زیر اہتمام سمسٹر خزاں 2019ء میں پیش کئے گئے ڈیڑھ اور اڑھائی سالہ بی ایڈ پروگرامز کی ورکشاپس پرسوں 20 جنوری سے شروع ہونگی

ہفتہ 18 جنوری 2020 12:47

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی راولپنڈی ریجن کے زیر اہتمام سمسٹر خزاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی راولپنڈی ریجن کے زیر اہتمام سمسٹر خزاں 2019ء میں پیش کئے گئے ڈیڑھ اور اڑھائی سالہ بی ایڈ پروگرامز کی ورکشاپس پرسوں پیر 20 جنوری سے شروع ہونگی۔ یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راولپنڈی ریجن کے ریجنل ڈائریکٹر سید ضیاء الحسنین نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کو ورکشاپس میں شرکت کے خطوط ارسال کئے گئے ہیں اور انہیں بذریعہ ایس ایم ایس بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

ہر کورس کی ورکشاپ 3 دن جاری رہے گی جبکہ قبل ازیں دو دن ورکشاپس ہوتی تھیں ۔ جن طلبہ کو اب تک شرکت کی اطلاع نہ ملی ہو تو وہ فوری طور پر راولپنڈی ریجن کے فون نمبر 051-9334264 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں ورکشاپس شیڈول اور دیگر تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس بار بی ایڈ ورکشاپس ملک بھر میںایک ساتھ منعقد کی جارہی ہیں یعنی یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ورکشاپس ملک بھر میں ایک ہی تاریخ کو شروع ہونگی۔

قبل ازیں ورکشاپس کے لئے ہر ریجن کا شیڈول الگ الگ ہوتا تھا جس کی وجہ سے نتائج مرتب کرنے میں تاخیر ہوتی تھی اور طلبہ کی لاتعداد شکایات موصول ہوتی تھیں۔ تدریسی ورکشاپس منعقد کرانے کے ایک شیڈول سے جلد امور منظم ہونے کے ساتھ نتائج بروقت مرتب ہوں گے اور طلبہ کی شکایات کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :