بھارتی مواصلاتی سیٹلائٹ جی سیٹ 30 مدار میں پہنچ گیا

ْبھارت کو فائیوجی ٹیکنالوجی کے پھیلائو کی کوششوں میں کامیابی،انٹرنیٹ کی رفتاربڑھے گی،حکام

ہفتہ 18 جنوری 2020 13:45

بھارتی مواصلاتی سیٹلائٹ جی سیٹ 30 مدار میں پہنچ گیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2020ء) بھارت نے انتہائی طاقتور مواصلاتی سیٹلائٹ جی سیٹ 30 کو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں مقررہ مقام تک پہنچاتے ہوئے فائیو جی ٹیکنالوجی کے پھیلائو کی اپنی کوششوں میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔اس سیٹلائٹ سے بھارت کا مواصلاتی نظام کافی مضبوط ہو جائے گا۔انٹرنیٹ کی رفتار بڑھے گی اور جن مقامات تک فی الحال انٹرنیٹ کا نیٹ ورک نہیں ہے، وہاں بھی نیٹ ورک کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی حکام نے بتایاکہ30 جی سیٹ سیٹلائٹ کو فرینچ گیانا میں واقع خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا۔ لانچ کے تقریباً اڑتیس منٹ بعد ہی یہ سیٹلائٹ اپنے مدار میں پہنچ گیا۔3,357 کلوگرام وزنی یہ سیٹلائٹ پندرہ برس تک فعال رہے گا۔جی سیٹ لانچ ہونے سے بھارت میں مواصلاتی نظام مضبوط ہو جائے گا۔ اس کی مدد سے ملک میں نئی انٹرنیٹ ٹکنالوجی آنے کی امید ہے۔ اس سیٹلائٹ کی مدد سے مواصلاتی سسٹم، ٹیلی وڑن نشریات، موسم کی پیشن گوئی، قدرتی آفات کے قبل از وقت انتباہ اور بچاو کی کارروائیوں میں مدد ملے گی۔