وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکی سیکرٹری خارجہ مائیکل پومپیو سے ملاقات ،

گفتگو کے دوران بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے خطہ میں قیام امن کے لئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی تنازعہ، مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت پر زور

ہفتہ 18 جنوری 2020 14:15

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکی سیکرٹری خارجہ مائیکل پومپیو ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری خارجہ مائیکل پومپیو سے گفتگو کے دوران خطہ میں قیام امن کے لئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی تنازعہ، مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سیکرٹری خارجہ کے ساتھ یہاں ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ ملاقات سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہوئی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی ایشوز کا وسیع سطح پر احاطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو آگاہ کیا کہ بھارت نے گزشتہ پانچ ماہ سے 80 لاکھ کشمیریوں کو کرفیو کے ذریعے محصور کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ذرائع مواصلات پر تاحال پابندی عائد ہے تاکہ اصل حقائق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جاسکے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کا ’’پرامن جنوبی ایشیاء‘‘ کا خواب اس وقت تک شرمندہٴ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور 80 لاکھ کشمیریوں کے استصواب رائے سے حل نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت میں تبدیلی لانے کے اقدامات کے بعد پاک۔بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، مسلسل کرفیو کے دوران ہزاروں بے گناہ شہریوں اور ان کی حریت قیادت کو غیر قانونی حراست میں لیاجا چکا ہے اور ہر قسم کے مواصلاتی روابط منقطع کر دیئے گئے ہیں اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بھارتی حکومت کے انتہا پسندانہ ہندتوا ایجنڈے اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے نتیجہ میں آزاد کشمیر میں شہری آبادیوں کو نشانہ بناکر بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے بھارتی اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ اس سے جنوبی ایشیاء کے امن کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر پوسٹ کئے گئے محکمہ خارجہ کے ترجمان مورگن ارتگاس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران خطہ مین ایرانی سرگرمیوں، افغان امن عمل اور دو طرفہ معاشی تعلقات کے فروغ اورامریکہ۔

پاکستان تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفارتخانہ کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمو قریشی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین قریبی تعلقات ہمیشہ باہمی مفاد میں رہیں اور جنوبی ایشیاء میں استحکام کا ایک اہم پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کاوشوں سے 40 سالہ طویل محاذ آرائی کے بعد سیاسی حل کے ذریعے ’’امن کی نوید سنائی دے رہی ہے۔

پاکستان خلوص_نیت کے ساتھ ’’افغان امن عمل‘‘ کی اس مشترکہ ذمہ داری کو نبھا رہا ہے۔ تاریخی اعتبار سے جنوبی ایشیائی خطہ میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ کاوشیں ہمیشہ سود مند ثابت ہوئی ہیں اور دونوں ممالک کیلئے یکساں مفید رہی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے جامع دوطرفہ پاک۔امریکہ تعلقات کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ’’افغانستان کے سیاسی تصفیہ ’’افغان امن عمل‘‘ اور پرامن ہمسائیگی کیلئے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور خطہ میں پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک امریکہ اور پاکستان کا ’’پرامن جنوبی ایشیاء‘‘ کا خواب شرمندہٴ تعبیر نہیں ہو سکتا، پاکستان خلوص۔

نیت کے ساتھ ’’افغان امن عمل‘‘ کی اس مشترکہ ذمہ داری کو نبھا رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پمپیو سے ملاقات کے دوران دوطرفہ پاک امریکہ تعلقات، اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطہ میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے حالیہ دورہ ایران و سعودی عرب کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور خطہ میں پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔