عراقی حکومت مخالف مظاہروں کے دوران جھڑپیں، دو افراد ہلاک، 25 زخمی

بغداد کے قریب نکالے گئے ایک جلوس پر پولیس نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ اوربراہ راست فائرنگ بھی کی،ذرائع

ہفتہ 18 جنوری 2020 15:15

عراقی حکومت مخالف مظاہروں کے دوران جھڑپیں، دو افراد ہلاک، 25 زخمی
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2020ء) عراق میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ عراق کے مختلف شہروں میں ایک ایسے وقت میں مظاہرے جاری ہیں جب دوسری طرف عراق کی سرزمین پر امریکا اور ایران ایک دوسرے کے خلاف حالت جنگ میں ہیں۔

عراق میں امریکا اور ایران کے بڑھتے اثرو رسوخ اور دونوں ملکوں میں جاری محاذ آرائی کے دوران عراق کی سرزمین کو استعمال کرنے پر بھی عراقی عوام میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ بغداد کے قریب نکالے گئے ایک جلوس پر پولیس نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ اس دوران براہ راست سینے میں گولی لگنے سے ایک شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے بھی متعدد شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوئے ۔

(جاری ہے)

بغداد کے قریب پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران کم سے کم دو مظاہرین ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ۔گذشتہ روز السنک پل پرہونے والی جھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے۔ اس موقعے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کئی شہری زخمی ہوئے۔ادھر جنوبی عراق میں مظاہرین نے اہم شاہراہوں کو مسلسل بند کررکھا ہے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر دھرنا دینے کے ساتھ اپنے مطالبات کے حصول کے لیے سول نافرمانی کی تحریک جاری رکھے ہوئے ہے۔