چیچہ وطنی، ساہیوال ڈویژن میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہے، کمشنر

ہفتہ 18 جنوری 2020 16:05

چیچہ وطنی، ساہیوال ڈویژن میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہے، کمشنر
چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) کمشنر ساہیوال محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ ساہیوال ڈویژن میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہے اور شہریوں کو آٹا کی فراہمی میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑرہا،محکمہ خوراک روزانہ 8770بوری گندم ڈویژن کی 33 فلور ملز کو فراہم کر رہا ہے جس کے عوض 20کلو گرام کے 26ہزار تھیلے مارکیٹ میں بجھوائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ساہیوال ڈویژن میں آٹے کی سپلائی کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ساہیوال ڈویڑن شیخ عبدالرؤف نے انہیں گندم کی سپلائی کی صورتحال اور پرچون فروشوں کے پاس آٹے کی دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ آٹے کی فراہمی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور مقررہ ریٹ 805روپے فی 20کلو تھیلا پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈ پٹی ڈائریکٹر فوڈ شیخ عبدالرؤف نے بتایا کہ محکمہ خوراک روزانہ کی بنیاد پر فلور ملوں کو سپلائی کئے جانے والی گندم کو مانیٹر کر رہا ہے اوراب تک کوالٹی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 5لاکھ65ہزار روپے سے زائد جرمانہ کیا جا چکا ہے اور ان کا کوٹہ بھی معطل کیا گیا ہے۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ فلو ر مل سے نکلنے والے آٹے کی سیمپلنگ بھی مسلسل کی جا رہی ہے تا کہ آٹے کی کوالٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمشنر محمد احسن وحید نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی ضروریات کے مطابق گندم کی فلور ملز کو فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملز سے نکلنے والے آٹے کی بھی مانیٹرنگ کریں تا کہ ساہیوال ڈویژن کی ہر دوکان پر آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہو ۔

متعلقہ عنوان :