نواز شریف واپس پاکستان آئیں گے نہ ہی مریم نواز پاپا کو ملنے باہر جائیں گی‘

شہباز شریف اور مریم نواز کی خلاف سنگین کیس کھلنے والے ہیں‘آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے بعد الیکشن کمیشن بھی باہمی رضامندی سے بنے گا، وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ متبادل کوئی نہیں، وفاقی وزیر شیخ رشید احمدکا ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 18 جنوری 2020 16:05

نواز شریف واپس پاکستان آئیں گے نہ ہی مریم نواز پاپا کو ملنے باہر جائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف واپس پاکستان آئیں گے نہ ہی مریم نواز پاپا کو ملنے باہر جائیں گی‘ شہباز شریف اور مریم نواز کے خلاف سنگین کیس کھلنے والے ہیں‘آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے بعد الیکشن کمیشن بھی باہمی رضامندی سے بنے گا‘ نیب آرڈیننس میں بھی چلمن کے پیچھے تعاون جاری ہے‘ ملک میں مہنگائی‘ بیروزگاری سمیت عوامی مسائل موجود ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ متبادل کوئی نہیں‘ عوام حکومت کو مسائل کے حل کے لئے ڈیڑھ سال اور دے‘ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ آنے والے فروری‘ مارچ کے مہینے مہنگائی‘ بجلی‘ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مشکل اور اونچ نیچ کے مہینے ہوں گے لیکن حکومت عوام کو ان مسائل سے نجات دلائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کئی افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہونے جارہا۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف وطن واپس آجائیں گے لیکن نواز شریف واپس نہیں آئیں گے‘ انہیں وہ کام کرنے دیاجائے جس کے لئے وہ لندن گئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دونوں سیاسی جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے آرمی ترمیمی بل کی حمایت کی ۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن بھی باہمی رضا مندی سے بنے گا اور نیب آرڈیننس کے لئے بھی چلمن کے پیچھے تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری سے قبل پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بھارت کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اپنا تاریخی ردعمل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ چپقلش کے معاملے پر اہم کردار ادا کیا جبکہ ہماری خارجہ پالیسی بھی واضح رہی کہ پاکستان کاکسی بھی تنازعہ میں واسطہ نہیں ہو گا‘ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے کا مارچ تک ٹینڈر لگ جائے گا اور دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ایم ایل ون کا ہو گا اور میری خواہش ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کو پشاور سے جلال آباد تک لے جایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ 6 سال سے بند مغلپورہ ڈرائی پورٹ کو آئندہ اتوار سے کراچی فریٹ ٹرین کیلئے کھول دیا جائے گا‘ اسی طرح یکم فروری کو فیصل آباد کو بھی کوئلے کی لوڈنگ ان لوڈنگ کے لئے کھولا جائے گا۔ بعد ازاں کوٹ رادھا کشن‘ سمبڑیال سمیت تمام ڈرائی پورٹس کھول دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں فریٹ ٹرینوں کی تعداد 2020ء میں 20 تک لے کر جانے کا ٹارگٹ ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ آئندہ ماہ گوجرانوالہ، لاہور شٹل ٹرین چلانے کے لئے تیار ہیں اور کوشش ہے کہ اس منصوبے کا وزیر اعظم عمران خان افتتاح کریں۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے اس سال اپنے ہدف سے 10 ارب روپے زیادہ کمائے گا‘ ریلوے میں مستقبل قریب میں ملازمین کی بڑی تعداد ریٹائر ہونے جارہی ہے اور محکمہ میں 25 ہزار ملازمتیں نکلنے لگی ہیں‘ اسی طرح ایم ایل ون منصوبے کے بعد ایک لاکھ نوکریاں مزید نکلیں گی۔

قبل ازیں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس نے ویڈیو لنک کے ذریعے پرفارمنس سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں مسافر مال گاڑیوں کے اوقات کار‘فریٹ کی آمدن‘ ٹرینوں کی آئوٹ سورسنگ‘ تیز گام‘ کراچی ایکسپریس کے ساتھ ڈائنگ کار لگانے اور دیگر آپریشنل معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس سال ہمارا فوکس مسافر ٹرینوں میں سہولیات میں اضافہ‘ ریلوے زمینوں کا بہتر استعمال اور فریٹ سیکٹر میں آمدن بڑھانے پر ہے۔