Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منانے کیلئے تیاریوں کی منصوبہ بندی کا آغاز کر دیا

ہفتہ 18 جنوری 2020 16:05

پاکستان تحریک انصاف نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) ملک بھر میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف نے تیاریوں کے حِوالے سے منصوبہ بندی کا آغاز کردیاہے۔ ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ہندوراج کا ایجنڈا انسانیت سوز جرائم اور انسانیت کے قتل عام کا پیش خیمہ بن رہا ہے، 5 فروری کو پاکستان بھر میں خصوصاً آزاد کشمیر سے جنگ بندی لکیر کے اس پار محصور کشمیری بھائیوں کو بھرپور یکجہتی کا پیغام دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے ساتھ ملاقات میں کیا۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اسلام آباد میں مرکزی نائب صدر و منتظم زاہد حسین کاظمی سے ملاقات کی اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں پر ابتدائی مشاورت کے دوران مرکزی سیکرٹریٹ کے ذریعے ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان کو متحرک کرنے کی حکمت عملی پر مفصل بات چیت کی۔

(جاری ہے)

زاہد حسین کاظمی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی نی5 فروری کو ملک گیر سطح پر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف روز اول سے بھارتی بربریت کے خلاف اہل کشمیر کیساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 فروری کو پاکستان خصوصاً آزاد کشمیر سے جنگ بندی لکیر کے اس پار محصور کشمیری بھائیوں کو یکجہتی کا پیغام دیں گے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور قیادت کی ہدایات کی روشنی میں پوری قوم کو بھارتی جبر کیخلاف متحرک کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ساتھ ملاکر دنیا کو پیغام دیں گے کہ جنوبی ایشیاء میں مودی سرکار کی غنڈہ گردی عالمی امن کیلئے مستقل خطرہ ہے۔ بھارت میں اقلیتوں پر ہی نہیں بلکہ جمہوریت، برداشت اور قانون کی بالادستی پر ایمان رکھنے والا ہرطبقہ فاشسٹ مودی کے جبر کا نشانہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہندوراج کا ایجنڈا انسانیت سوز جرائم اور انسانیت کے قتل عام کا پیش خیمہ بن رہا ہے۔ کارکنان کے نام پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر نے کہا کہ کارکنان 5 فروری کی تیاری کریں، قیادت کی جانب سے ہدایات ملتے ہی ملک گیر سرگرمیوں کا باضابطہ آغاز کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات