عافیہ تعلیمی شعبے میں ملک اور قوم کی خدمت کرنا چاہتی تھی، موقع ملنا چاہئی: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ہفتہ 18 جنوری 2020 16:19

عافیہ تعلیمی شعبے میں ملک اور قوم کی خدمت کرنا چاہتی تھی، موقع ملنا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2020ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ تعلیمی شعبے میں ملک اور قوم کی خدمت کرنا چاہتی تھی، اسے موقع ملنا چاہئے۔ عافیہ نے فزکس، کیمسٹری یا بایولوجی میں نہیں بلکہ تعلیم کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔عافیہ کی پی ایچ ڈی کا مقالہ بچوں میں ذہنی برداشت کی قوت بڑھا کر ان کی تعلیمی قابلیت میں اضافہ کرنا تھا۔

وہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی آمد کے موقع پر گفتگو کررہی تھیں۔جن میں سابق ڈپٹی سیکریٹری ایجوکیشن ڈاکٹر کاشف شاہ، معروف سماجی رہنما انجینئر وسیم فاروقی، فہیم برنی، عبدالستار، شاعرہ ہما عزمی، تعلیمی شعبہ سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر سردار احمد نازش، پروفیسر تنویر ملک ، نفیس احمد خان ، شفیق احمد عباسی ، ڈاکٹر ضیاء الرحمان فاروقی، مہربان علی خان اور نایاب ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر کمال میمن اور مسز نایاب کمال شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی بھی موجود تھیں۔میٹنگ کے شرکاء نے ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی میں تاخیر کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی کا معاملہ سامنے آتا ہے ، اس وقت ہمیں ریمنڈ ڈیوس اور کرنل جوزف کی رہائی میں حکمرانوں اور انتظامیہ کی امریکی فرمانبرداری شرمندہ کردیتی ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ 24 جنوری، 2020 ء کا ’’عالمی یوم تعلیم‘‘ ''International Day of Education'' عافیہ سے منسوب کرکے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔ جس پر اتفاق رائے سے پروفیسر تنویر ملک، انجینئر وسیم فاروقی، کمال میمن اور فہیم برنی پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ تقریبات کے انعقاد کیلئے انتظامات کرے گی۔