افریقی ملازمہ اپنے اماراتی مالک کے گھر سے 30 ہزار درہم چُرانے پر گرفتار

ملزمہ نے یہ واردات اپنے مالک اور گھر والوں کی غیر موجودگی میں انجام دی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 جنوری 2020 16:20

افریقی ملازمہ اپنے اماراتی مالک کے گھر سے 30 ہزار درہم چُرانے پر گرفتار
فجیرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2020ء) اماراتی ریاست فجیرہ میں گھریلو خادمہ کی حیثیت سے کام کرنے والی غیر مُلکی خاتون کو اپنے مالک کے گھر سے 30 ہزار درہم کی بڑی رقم چُرانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار کی گئی خاتون کا تعلق ایک افریقی ملک سے ہے۔ گھریلو ملازمہ نے اپنے خلاف عائد الزام کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اماراتی مالک نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ کچھ روز کے لیے امارات سے باہر گیا تھا ۔ اس دوران گھر پر صرف افریقی ملازمہ کو ہی چھوڑا گیا تھا۔ گھر واپس آنے کے بعد جب تجوری کھولی گئی تو اس میں سے 30 ہزار درہم کی رقم کم نکلی، جو یقینی طو رپر ملازمہ نے چُرائی ہے۔ گھریلو ملازمہ نے عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران اپنی صفائی میں کہا کہ وہ اپنے مالک کے ساتھ ہمیشہ مخلص اور ایماندار رہی ہے، اُس نے کبھی ایک درہم کی بھی بے ایمانی نہیں کی۔

(جاری ہے)

اُسے اپنے مالک کے پاس کام کرتے ہوئے کئی سال گزر چکے ہیں۔ تمام گھر والے بھی اس پر اعتماد کرتے تھے۔ اسی وجہ سے وہ اکثر گھر اُس کے حوالے کر کے چلے جاتے تھے۔ کبھی کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہوا تھا۔ گھر کے تمام کمروں کی روزانہ صفائی بھی اسی کے ذمے تھے۔ تاہم وقوعہ کے روز جب مالک اور اس کی بیوی گھر واپس آئے اور انہوں نے تجوری میں رکھی اپنی رقم چیک کی تو اچانک اُس پر غصّہ ہونے لگے کہ تیس ہزار درہم کی رقم کم ہے۔ اور پھر انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے مجھ پر رقم کی چوری کا الزام لگوا کر گرفتار کروا دیا۔ میرا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں ہے۔ عدالت کی جانب سے اس مقدمے کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ہے، اگلی پیشی پر ہی اس مقدمے کا فیصلہ سُنایا جائے گا۔