وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے

ہفتہ 18 جنوری 2020 17:38

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک ..
لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ایک اور وعدہ ایفا‘آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب‘وزیراعلیٰ پنجاب 90 شاہراہ قائداعظم پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اداکارہ ہما ڈار، گلوکار ظہور احمد الیاس (سائیں ظہور)، اداکار محمد جاویدکوڈو اور اداکار ناصر شیرازی کو مالی امداد کے چیک دیئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں مزید اضافہ کریں گے‘مستحق فنکاروں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی‘مستحق فنکاروں کا ہر سطح پر خیال رکھیں گے‘فن و ثقافت کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘کسی بھی ملک کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں فنکار کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کی فہرست مرتب کر لی ہے‘مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘فنکاروں کی معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا۔فنکاروں نے مالی معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا‘مشکل وقت میں مدد پر آپ کے شکرگزار ہیں۔ارکان صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، مسرت جمشید چیمہ، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پلاک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل، ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔