سائل کی ہر ممکن داد رسی کرنا ہمارا فریضہ ہے،

ہڑتال کے کلچر کی حوصلہ شکنی ہوگی، ججز مقدمات میں غیر ضروری التواء اور تاریخیں دینے سے گریز اور کسی دباؤ کے بغیر مقدمات کے فیصلے قانون اور میرٹ کے مطابق کریں،جج کیخلاف شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ کا تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 جنوری 2020 17:41

لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز نے یقین دلایا ہے کہ ہڑتال کلچر کی حوصلہ شکنی ہوگی، اس لئے ججز بھی مقدمات میں غیر ضروری التواء اور تاریخیں دینے سے گریز کریں، جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی ہم سب کا مشترکہ اور اولین مقصد ہے، سائل کی ہر ممکن داد رسی کرنا ہمارا فریضہ ہے، ججز کسی بھی دباؤ کا شکار ہوئے بغیر مقدمات کے فیصلے قانون اور میرٹ کے مطابق کریں، کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، بطور چیف جسٹس تمام ججز کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں لیکن ججز کے خلاف کسی بھی شکایت کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وہ ہفتہ کے روز پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں جنرل ٹریننگ پروگرام کے تحت دسویں تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ تمام جوڈیشل افسران قانون کے علم سے نابلد نہیں ہیں بلکہ ججز بننے سے پہلے بطور وکیل اچھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہونگے لیکن پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی کورس کا مقصد جوڈیشل افسران کی صلاحیتوں میں نکھار لانا ہے، ججز کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہمارا اولین مقصد ہے، ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ جج کو اپنی استعداد کار سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے، اس لئے ججز کی استعداد کار میں اضافہ بہت ضروری ہے۔

فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایک اجلاس میں ججز کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام کبھی رک نہیں سکتا، یہ چلتا رہے گا، نئے قوانین اور ترامیم کے ساتھ ساتھ ججز کی تربیت بھی جاری رہے گی، ججز کو چاہیے کہ خود کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں، لاء جرنلز اور دیگر قوانین کو پڑھتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی میں سیکھی ہوئی صلاحیتوں کو اپنے ساتھیوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ اس ٹریننگ کے ثمرات بھی عام سائلین تک پہنچائیں۔

قبل ازیں ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر اور تربیتی کورس مکمل کرنے والے ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران میں اسناد تقسیم کیں۔تقریب میں رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ اشترعباس ، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری ریحان بشیر ، سیشن جج ہیومن ریسورس ساجد علی اعوان سمیت اکیڈمی کے فیکلٹی ممبران، افسران اور تربیتی کورس مکمل کرنے والے ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز بھی موجود تھے۔