سعودی طیارے میں غیر مُلکی مسافر نے ہنگامہ مچا دیا

سٹاف کی جانب سے تلاشی کے معاملے پر مسافر بپھر گیا، آخر مسافر کو طیارے سے اُتار دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 جنوری 2020 17:24

سعودی طیارے میں غیر مُلکی مسافر نے ہنگامہ مچا دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2020ء) سعودیہ ایئر لائن کے طیارے میں ایک مسافر کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پرواز دیر کا شکار ہو گئی اور وہاں موجود دیگر مسافروں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی طیارہ افریقی ملک سوڈان کے شہر خرطوم کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہونی تھی۔

اس دوران ایک سوڈانی مسافر نے تلاشی دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد ایک ناخوشگوار صورتِ حال پیدا ہو گئی۔ اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سوڈانی مسافر کا کہنا تھا کہ ایئر لائن کو عملے کو یہ اختیار نہیں کہ وہ مسافروں کی جامہ تلاشی لیں۔ مسافر کا کہنا تھا کہ جب وہ اسکیننگ گیٹ سے گزر کر آیا ہے تو پھر جہازکے گیٹ پر اس کی تلاشی کیوں لی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مسافر کے انکار پر جہاز کے گیٹ پر مسافروں کی لمبی قطار لگ گئی اور وہ شدید تناؤ میں آ گئے۔ جس کے بعد جہاز کے عملے نے گراؤنڈ سیکیورٹی اہلکاروں کو بُلایا جنہوں نے مسافر کو تلاشی نہ دینے پر جہاز سے اُتار لیا۔ اس کے بعد طیارہ اپنی منزل پر روانہ ہو گیا۔ اس حوالے سے ایئر لائن کے حکام کا کہنا تھا کہ جہاز میں سوار ہونے سے قبل مسافروں کی تلاشی لینا کوئی غیر اخلاقی اور غیر قانونی بات نہیں، مسافروں کو اس معاملے میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔

یہی قواعد و ضوابط کا تقاضا ہے۔ ایئر لائن کے عملے کو مکمل اختیار ہے کہ وہ کسی بھی مسافر کو جہاز میں سوار ہونے سے روک دیتا ہے جو تلاشی کے عمل میں تعاون نہیں کرتا۔ اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے کی جانب سے مسافر کو قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہورہا۔ جس کے بعد عملہ مسافر کو طیارے سے آف لوڈ کر دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :