وزیر اعظم عمران خان کی حقیقت پسندانہ اور ناگزیر اصلاحات کے نتیجے میں ملک معاشی استحکام کی سمت میں چل پڑا ہے،مشتاق احمد غنی

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:13

وزیر اعظم عمران خان کی حقیقت پسندانہ اور ناگزیر اصلاحات کے نتیجے میں ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی تھی، ملک کے مفاد میں وزیر اعظم عمران خان کی مشکل لیکن حقیقت پسندانہ اور ناگزیر اصلاحات کے نتیجے میں ملک معاشی استحکام اور غربت کے خاتمہ کی درست سمت میں چل پڑا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی ختم کرنے کیلئے مزید قرضے لے کر ان کا بوجھ غریبوں پر ڈالنے کے بجائے ملک کے اندر سے ٹیکس اکٹھا کرکے غریب آدمی کی فلاح پر خرچ کرنے کی پالیسی اختیار کی، ہمارے مخالفین چاہتے ہیں کہ ماضی کی طرح مزید قرضے لئے جائیں اور اشیائے ضروریہ پر بھاری سبسڈی دی جائے تاکہ ملک دیوالیہ ہو جائے لیکن ہماری حکومت میں ایسا نہیں ہو نے دیاجائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جلال بابا آڈیٹوریم میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام انڈر 21 خیبرپختونخوا گیمز کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنرعامر آفاق، خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس سید ثقلین شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ہزارہ کے تمام اضلاع کے دیگر انتظامی و سپورٹس افسروں ،سابق ڈائریکٹر سپورٹس ظارق محمود، کھیلوں کی تنظیموں کے عہدے داران اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

صوبائی ڈائریکٹر سپورٹس نے اس موقع پر بتایا کہ انڈر 21 گیمز آئندہ 24 فروری سے تمام ریجنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی جائیں گی جن میں 59 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کے علاوہ روایتی ثقافتی میلے بھی ان کھیلوں کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈر 21 گیمز کے تحت ایبٹ آباد میں مردوں اور خواتین کی 15، 15 کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے ۔

سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کا ویژن یہ ہے کہ سرکاری محکموں سے کرپشن ختم کی جائے تعلیم و صحت سمیت تمام بنیادی سہولتوں کے علاوہ کھیلوں اور تفریح کے مواقع کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری اور ان کاحصول تمام شہریوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے گزشتہ پانچ سالہ دور میں اسی ویژن پر کامیابی سے عمل کیا جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو صوبے میں دوبارہ منتخب کیا گیا جس سے پی ٹی آئی پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بنیادی سہولتوں کے شعبوں میں کامیاب اصلاحات کے بعد اب صوبائی حکومت ایڈوانس لیول کی ترقی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس میں کھیلوں اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے علاوہ عام اور غریب آدمی کی فلاح پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی حکمت عملی کے تحت انصاف کارڈ کے اجراء کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، بے گھر اور نادار افراد کیلئے شلٹر ہوم اور لنگر خانے کھولے جارہے ہیں، نوجوانوں کو بلا سود قرضے دیے جارہے ہیں اور تحصیل کی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

مشتاق احمد غنی نے انڈر 21 گیمز کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور انڈر 21گیمز و دیگر کھیلوں کے مقابلے اب باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے، نچلی سطح پر کھیل کے میدانو ں سمیت تمام ضروری سپورٹس سہولیات مہیا کی گئی ہیں ۔ مشتاق احمد غنی نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں ہاکی گراؤنڈ کی آسٹروٹرف اور کنج گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس کی تنصیب جلد ممکن بنائی جائے گی جبکہ شہر میں مرد و خواتین کے لئے اعلی معیار کے سپورٹس جمنازیم تعمیر کئے جائیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر جلال بابا آڈیٹوریم کی مکمل تزئین و آرائش کا بھی اعلان کیا ۔ اس سے قبل مشتاق احمد غنی نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے ہمراہ انڈر 21کے لوگواور ٹرافی کی رونمائی کی۔