بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نازی طرز کے حراستی مراکز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، اسد قیصر

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:13

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نازی طرز کے حراستی مراکز بنانے کا منصوبہ ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن نہ بدلنے اور بھارت کو سلامتی کونسل ارکان کو جواب دینے کے موقف کا خیر مقدم کرتے ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے،کشمیر کے معاملے پر حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں، پاک چین دوستی اٹوٹ انگ ہے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نازی طرز کے حراستی مراکز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، اگر دنیا نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر آواز نہ اٹھائی تو تشویشناک صورتحال سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے مرغزضلع صوابی میںفری میڈیکل کیمپ میں مریضوںکوسہولیات کاجائزہ اورمیڈیکل کیمپ دورے کے بعدذرائع ابلاغ کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کا ٹاسک ٹیم کے حوالے کر دیا گیا، رواں سال تین لاکھ ٹن گندم بھی درآمد کی جائے گی، وفاق پاسکو کے کوٹے سے خیبرپختونخوا کو ایک لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ 376 فلور ملوں کیخلاف کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 9 کروڑ 6لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 15فلورملوں کے لائسنس جبکہ 180فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ معطل کردیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی اشیاء خوردونوش کے بلا جواز اور خودساختہ اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی،عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، موجودہ حکومت پسماندہ طبقے کی بحالی اورفلاح وبہبودکیلئے بھرپوراقدامات اٹھارہی ہے،مستحق افرادکوطبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیںگے۔

انہوںنے کہاکہ لوگوںکوسہولیات دہلیزپرپہنچاناوزیراعظم عمران خان کاوژن اورنصب العین ہے،ہماری نیت اورارادے صرف عوام کی فلاح وبہبود اورملک کی ترقی ہے ، اللہ ہمیںکامیابی سے نوازے گا۔