لاہور چیمبر اور لاہورکونسل برائے ورلڈ افیئرز کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 18 جنوری 2020 19:31

لاہور چیمبر اور لاہورکونسل برائے ورلڈ افیئرز کے مابین مفاہمتی یادداشت ..
لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لاہور کونسل فار ورلڈ افیئرز کے مابین مفاہمتی یادداشت طے پائی ہے جس کے مطابق دونوں ادارے صنعت و تجارت اور معیشت کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور صدر لاہور کونسل فار ورلڈ افیئرز جاوید حسین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سابق صدور میاں مظفر علی، فاروق افتخار ، الماس حید ر ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حارث عتیق ، عاقب آصف، حاجی آصف سحر ، فیاض حیدر اور ارشد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق لاہور کونسل فار ورلڈ افیئرز لاہور چیمبر کو لاہور میں منعقد ہونے والے سنگل کنٹری نمائشوں ، فوڈ فیسٹیولز اور دیگر معاشی سرگرمیوں سے متعلق مشاورتی سروسز فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی یہ لاہور چیمبر کے ممبران کو ملک میں اور ملک سے تجارتی وفود کے ذریعے برآمدات میں اضافے کیلئے رہنمائی فراہم اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کرے گی۔ اس کے علاوہ لاہور چیمبر کے تجارتی وفود کے ممبران کو متعلقہ ممالک کی تجارتی و معاشی صورتحال کے بارے میں آگاہی کورسز کا بھی انتظام کرے گی،جس سے ممبران کو اپنے غیر ملکی تاجر برادری سے تجارت کے حوالے سے بامقصد بات چیت میں مدد ملے گی ۔

اس معاہدے کے ذریعے کونسل لاہور چیمبر کے ممبران کو تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کے حل کیلئے قانونی مشاورت بھی فراہم کرے گی۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے امید ظاہر کی کہ لاہور چیمبر اور لاہور کونسل کے مابین مفاہمتی معاہدے کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے اور اس کے ذریعے دونوں اداروں کو مذکورہ اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں ورلڈ افیئرز پر ایک سٹینڈنگ کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں لاہور کونسل فار ورلڈ افیئر کے ممبران کو بھی شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :