ایم کیو ایم نے حکومت کو اپوزیشن سے ہاتھ نہ ملانے کی یقین دہانی کروا دی

ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت کی غير مشروط حمایت کی، ہمارے معاہدے ميں شخصی وجماعتی مفاد نہيں، چند دنوں ميں واضح پيشرفت نظر آئے گی،ہم عوام کا مقدمہ لڑرہے ہيں: خالد مقبول صدیقی

ہفتہ 18 جنوری 2020 21:14

ایم کیو ایم نے حکومت کو اپوزیشن سے ہاتھ نہ ملانے کی یقین دہانی کروا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2020ء) ایم کیو ایم نے حکومت کو اپوزیشن سے ہاتھ نہ ملانے کی یقین دہانی کروا دی، خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت کی غير مشروط حمایت کی، ہمارے معاہدے ميں شخصی وجماعتی مفاد نہيں، چند دنوں ميں واضح پيشرفت نظر آئے گی،ہم عوام کا مقدمہ لڑرہے ہيں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تحفظات اپنی جگہ لیکن حکومت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت کو تختہ الٹانے کیلئے اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا جائے گا۔ ہفتے کے روز تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد کا دورہ کیا۔ اس دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک انصاف کی حکومت کی غير مشروط حمایت کی، ہمارے معاہدے ميں شخصی وجماعتی مفاد نہيں۔

(جاری ہے)

چند دنوں ميں واضح پيشرفت نظر آئے گی،ہم عوام کا مقدمہ لڑرہے ہيں۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کیساتھ معاشی دہشتگردی کی گئی، 18 ويں ترميم کے نام پردھوکا دياگيا۔ جوٹيکس دے رہے ہيں انکے ليے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہے۔ شہر کراچی کو اس کا جائز حصہ دلوانا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے ایم کیو ایم کے رہنماوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اسلام آباد آئیں تاکہ ان کے تحفظات دور کرنے کے حوالے سے معاملات آگے بڑھائے جا سکیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ دنوں اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ چونکہ ان کے مطالبات تاحال منظور نہیں کیئے گئے، اس لیے وہ وفاقی کابینہ کا مزید حصہ نہیں رہیں گے، تاہم حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے۔