بھارت کے ارادے خطرناک ہیں، کسی بھی وقت پاکستان پر حملہ کیا جا سکتا ہے

ہم بھی جواب دینے کیلئے بھرپور تیاری کیے بیٹھے ہیں، بھارت کا معاملہ سنجیدہ ہے، بھارت اس وقت بڑا چیلنج ہے، حالات مودی کے ہاتھوں سے نکل رہےہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے بھارت پاکستان کے خلاف شرانگیزی کرسکتا ہے: وزیراعظم عمران خان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 جنوری 2020 21:34

بھارت کے ارادے خطرناک ہیں، کسی بھی وقت پاکستان پر حملہ کیا جا سکتا ہے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2020ء) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے ارادے خطرناک ہیں، کسی بھی وقت پاکستان پر حملہ کیا جا سکتا ہے، ہم بھی جواب دینے کیلئے بھرپور تیاری کیے بیٹھے ہیں، بھارت کا معاملہ سنجیدہ ہے، بھارت اس وقت بڑا چیلنج ہے، حالات مودی کے ہاتھوں سے نکل رہےہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے بھارت پاکستان کے خلاف شرانگیزی کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت بڑا چیلنج ہے، وہاں پر انتہا پسندی غالب ہے، حالات نریندرا مودی کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں، اندرونی حالات سے بچنے کے لیے پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے جس کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

(جاری ہے)

فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب پورا کرنے کیلئے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج کی جانب سے شر پسند اور بلااشتعال کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے سیکٹر کوٹ کٹہرا میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گھروں کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ اس دوران ایک بزرگ خاتون بھی شدید زخمی ہوئی۔

بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج نے بھی بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیے جانے کے بعد بھارتی فوج کی توپیں اور بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ برس فروری کے ماہ میں ہونے والی کشیدگی کے بعد سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ مزید بڑھایا ہے۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے باعث کئی شہری اور پاک فوج کے جوان شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائیوں میں درجنوں بھارتی فوجی بھی جہنم واصل کیے گئے ہیں۔