امریکی معاون نائب وزیرِ خارجہ برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور ایلس ویلز آج پاکستان پہنچیں گی

امریکی دفتر خارجہ کے مطابق ایلس ویلز 22 جنوری تک پاکستان کے دورے پر رہیں گی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 19 جنوری 2020 07:42

امریکی معاون نائب وزیرِ خارجہ برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور ایلس ویلز ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 19 جنوری 2020ء) امریکہ کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز آج پاکستان پہنچیں گی۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق ایلس ویلز 22 جنوری تک پاکستان کے دورے پر رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کی معاون ایلس ویلز آج 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی، امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایلس ویلز 22 جنوری تک پاکستان کے دورے پر رہیں گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایلس ویلز پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سینئر پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی صورت حال پر گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایلس ویلز پاکستان کی سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گی۔

(جاری ہے)

مزید تفصیلات کے مطابق ایلس ویلز کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، جس سے متعلق دفتر خارجہ نے میڈیا کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا، تاہم اب امریکی دفتر خارجہ نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی معاون نائب وزیرِ برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور ایلس ویلز آج اتوار بمطابق 19 جنوری پاکستان کے اہم ترین دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی۔

اس سے قبل سفارتی ذرائع نے ذرائع نے آگاہ کیا تھا کہ جنوری کی 19 سے 20 تاریخ تک ایلس ویلز پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ذرائع کا کہنا تھا دورہ پاکستان میں ایلس ویلز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ پاکستانی حکام اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گی، جس میں د وطرفہ امور اور علاقائی معاملات زیرِ غور آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاک، امریکہ تعلقات، افغان مفاہمتی عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت تنازعہ جموں و کشمیر، بھارتی غاصبانہ اقدامات کا معاملہ اٹھائے گی، پاکستان، بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، کرفیو کے خاتمے پر زور دے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت میں متنازعہ شہریت بل، جنوبی ایشیاء میں کشیدگی ،مشرق وسطیٰ کی صورت حال خصوصاََ امریکہ، ایران کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔