Live Updates

مہاتیر محمد اور مجھے ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد مسلم امہ کے سب سے تجربہ کار اور مدبر سیاستدان ہیں: وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ٹویٹ

Usama Ch اسامہ چوہدری اتوار 19 جنوری 2020 10:56

مہاتیر محمد اور مجھے ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 19 جنوری 2020) : مہاتیر محمد اور مجھے ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے، ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد مسلم امہ کے سب سے تجربہ کار اور مدبر سیاستدان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مہاتیر محمد مسلم امہ کے سب سے تجربہ کار اور مدبر سیاستدان ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مہاتیر محمد اور مجھے ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انکا مزید کہنا ہے کہ ملائیشین وزیراعظم بھی پول مافیا جیسے مسائل کا مقابلہ کر رہے ہیں، پول مافیا جس نے ملائیشیا کو دیوالیہ، مقروض اور ریاستی اداروں کو تباہ کردیا۔
۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے صنعتوں کی بحالی کو ترجیح دی ہے اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے ، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیری عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کرکے دنیا کو باورکرایا جائے کہ سلامتی کونسل کی قرادادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل اقوام عالم کا فریضہ ہے، پاکستان تحریک انصاف اور وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے، فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب پورا کرنے کیلئے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نیمختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا تھاجنہوں نے ہفتہ کو یہاں وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک نوجوان بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ملک کو درپیش چیلنجز، مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات، جدید دور میں میڈیا خصوصاً سوشل میڈیا کے کردار و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈیجیٹل میڈیا سیکٹر میں نوجوان نسل کے لئے موجود مواقع ، درپیش چیلنجز اور انکے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان تاریخ کی سب سے مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، مالیاتی خسارہ کم ہو چکا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1970ء کے بعد پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے صنعتوں کی بحالی کو ترجیح دی ہے، اس حکمت عملی سے روز گار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت ترقی کرے گی۔وزیر اعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ نوجوان طبقے کو اس کامیابی کو اجاگر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوان طبقے کے لیے آسان اقساط میں کاروبار شروع کرنے کیلئے قرضوں کی فراہمی کے علاوہ ہنر سیکھنے کے لیے ٹریننگ پروگرام متعارف کرایا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہماری حکومت نے غریب عوام کے لیے احساس پروگرام اور پناہ گاہوں کا اجرا کیا ہے،کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے اخری حد تک لڑائی جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور صلاحیت موجود ہے جسے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے موثر انداز میں دنیا کے سامنے لایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے جن سے فائدہ اٹھانا ہم پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بھی چیلینجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور اب بھی اسی ضمن میں کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کی افزائش و ترقی کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت کی حکمت عملی و اقدامات پر بھی مفصل بات چیت کی گئی اور وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ڈیجیٹل میڈیا ابلاغ کے مؤثر ترین ذریعے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، ڈیجیٹل میڈیا کی تیز تر افزائش کے باعث معلومات کا پھیلاؤ سرحدوں کا پابند نہیں رہا۔

انہوں نے کہا تھا کہ تعلیم یافتہ اور سیاسی طور پر باشعور نوجوان تیزی سے ڈیجیٹل میڈیا پر متحرک ہورہے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے درست تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال کی حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ فاشسٹ مودی سرکار ہندوراشٹرا کے خواب پورا کرنے کیلئے امن اور خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہی ہے،کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور شہریت کے قانون میں ترمیم نسل پرستانہ عزائم کی تکمیل کی عملی کوششیں ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات