ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے فعال ممبرز کی فہرست سے باہر

ہیری اور میگھن دونوں شاہی خطاب استعمال نہیں کریں گے نہ ہی انہیں پبلک فنڈز ملیں گے، شاہی اعلامیہ

اتوار 19 جنوری 2020 12:05

ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے فعال ممبرز کی فہرست سے باہر
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2020ء) برطانیہ کے شاہی خاندان نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو شاہی خاندان کے فعال ممبر ز کی فہرست سے باہر کردیاہے اوربرطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل اب شاہی خاندان کے فعال ممبر نہیں رہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہاگیاکہ ہیری اور میگھن دونوں شاہی خطاب استعمال نہیں کریں گے اور نہ ہی انہیں پبلک فنڈز ملیں گے۔

اعلامیے کے مطابق ہیری اور میگھن کی جوڑی ملکہ الزبتھ کی نمائندگی بھی نہیں کر سکے گی۔جب کہ برطانوی ملکہ الزبتھ کا کہنا تھا کہ ہیری اور میگھن میرے خاندان کے محبوب ممبر رہیں گے اپنے پوتے اور اس کے خاندان کے لیے تعمیری راستہ نکال لیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہی جوڑے نے فیصلہ کیا کہ اب وہ معاشی طورپر بھی خود مختار زندگی گزاریں گے اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا میں زندگی بسر کریں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بیان کے مطابق اس دوران وہ ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ اور اپنے بڑوں کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جو کہ ان کے لیے باعث فخر ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی جوڑا شمالی امریکا اور کینیڈا منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جب کہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔

متعلقہ عنوان :