Live Updates

حکومت مافیاز و کرپشن کرنے والوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہے، ہمایوں اختر خان

اپوزیشن مخصوص ایجنڈے کے تحت مایوسی پھیلا رہی ہے ،انہیں سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملے گا، سینئر مرکزی رہنما ء

اتوار 19 جنوری 2020 12:55

حکومت مافیاز و کرپشن کرنے والوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہے، ہمایوں ..
لاہور۔19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت مافیاز اور کرپشن کرنے والوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہے ، اس میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں ،اب اس ملک میں کسی کی مرضی کا نظام نہیں چلے گا بلکہ آئین و قانو ن کی بالا دستی ہو گی ، حکومت نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح قومی خزانے میں نقب لگانے کی بجائے اس کی حفاظت کی ہے ،ایک ایک پائی ملک و قوم کی بہتری پر خرچ کی جائیگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن مخصوص ایجنڈے کے تحت ملک میں مایوسی پھیلا رہی ہے لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملے گا ، اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ کسی بھی پلیٹ فارم پر معیشت بارے اعدادوشمار کے ساتھ بات کر لے حقیقت ان کے سامنے آ جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آٹے کا کوئی بحران نہیں اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے ،پنجاب حکومت نے خیبر پختوانخوا حکومت سے بھی رابطہ کر کے انہیں مشکلات کے حل کیلئے پیشکش کی ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مافیاز جس شکل میں ہوں انہیں عوام کا خون نہیں چوسنے دیں گے بلکہ انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائیگا ۔انکا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کی ترقی کیلئے تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہر شعبے کو ٹیکس کی ادائیگی کرنا ہو گی ۔انکا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت یقین دلاتی ہے کہ سابقہ حکمرانوں کی طرح ٹیکس کا پیسہ اپنے اور حواریوں کی بجائے ملک و قوم کی فلاح و بہبود خرچ کرینگے اور حکومت نے اپنے اقدامات سے اس کے عملی ثبوت بھی پیش کئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات