گوجرانوالہ، عصر حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے فاصلاتی نظام تعلیم کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک کرنا ہوگا، پروفیسر انعام اللہ

اتوار 19 جنوری 2020 18:15

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) ریجنل ڈائر یکٹر سروسز علامہ اقبال او پن یونیور سٹی اسلام آباد پروفیسر انعام اللہ شیخ نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ہمیں فاصلاتی نظام تعلیم کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک کرنا ہوگا، ٹیکنالو جی کی تر قی میں بڑی شدت آگئی ہے اور ہمیں اسی طرح اپنی سوچوں کو بھی اس کے ساتھ بدلناہو گا۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ریجنل کیمپس گوجرانوالہ میں اپنے دورہ کے دوران سینئر پروفیسرز‘ ٹیوٹرز‘ اور سٹاف سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر ریجنل ڈائر یکٹر گوجرانوالہ ریجن ڈاکٹر محمد انیس نے گوجرانوالہ کیمپس کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر انعام اللہ شیخ نے کہا کہ ا س وقت 14 لاکھ سے زائد طلباء وطالبات پاکستان بھر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہاکہ 32 ہزارسے زائد سینئر پروفیسر ز کو آن لائن ٹیوٹر ز مقرر کیاگیا ہے اور 9 ہزار مزید ٹیوٹر آن لائن مقرر کئے جا رہے ہیں، اب طلباء و طالبات اپنی امتحانی مشقیں آن لائن بھیج سکتے ہیں جس کو آن لائن ہی چیک کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہاکہ 20 نئے جدید کمپیوٹرز ریجنل آفس کو دیئے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ آن لائن داخلہ کا سلسلہ بھی شروع کردیاگیا ہے، آئندہ کتابیں بھی آن لائن مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ اوپن یونیورسٹی سٹاف کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہیں ہیں۔