پنجاب انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منظوری دیدی

اتوار 19 جنوری 2020 19:50

لاہور۔19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے میں پنجاب انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کو آئندہ مالی سال سے شروع کیا جائے گا اوراس اہم منصوبے کیلئے فنڈز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رکھے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کیلئے اراضی کی جلد نشاندہی کی جائے اور منصوبے کے حوالے سے ضروری اقدامات جلد طے کئے جائیں تاکہ آئندہ مالی سال کے آغاز میں اس پر کام شروع کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ماہرین سے رابطہ کرکے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امراض خون کے مریضوں کے علاج کیلئے جدید ترین ادارہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے مریضوں کو اعلیٰ طبی سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔امراض خون میں مبتلا افرادبالخصوص بچوں کی بروقت تشخیص سے جان بچائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کا قیام طبی تاریخ کا اہم سنگ میل ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو جلد فنکشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کو رواں برس آپریشنل کیا جائے۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے اور اس منصوبے کی تکمیل سے جنوبی پنجاب سمیت دیگر علاقو ںکے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنا رہے ہیں اور ہمارے پائیدار اقدامات ہیلتھ کیئر سسٹم کو معیاری بنانے میں ممدو معاون ثابت ہوں گے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلیٰ، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔