اقتصادی زونز میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے جرمن ادارے ’’جی آئی زیڈ‘‘،فوجی فاؤنڈیشن اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے معاہدے آخری مراحل میں ہیں،

ْ3 اکنامک زونز میں آئندہ 4 سال کے دوران 4 لاکھ تربیت یافتہ ملازمین کی ضرورت ہو گی، چیئرمین فیڈمک

پیر 20 جنوری 2020 13:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فیڈمک کے ابتدائی تخمینے کے مطابق3 اکنامک زونز میں اگلے 4 سال کے دوران مختلف شعبہ جات میں مجموعی طو پر 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ملازمین کی ضرورت ہو گی،آئندہ سال تک یہاں 70ہزار افراد کو روزگار ملے گا جبکہ پہلے سال میں صرف چینی زبان پر عبور رکھنے والے 20 ہزار مقامی افراد کوملازمت ملے گی۔

25 فیصد ملازمتیں مقامی آبادی کو دی جائیں گی۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے لئے فیڈمک کے جرمن ادارے ’’جی آئی زیڈ‘‘،فوجی فاؤنڈیشن اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے معاہدے آخری مراحل میں ہیں۔

(جاری ہے)

فیڈمک کی طرف سے انہیں اکنامک زون میں جگہ فراہم کی جائے گی اور یہ ادارے یہاں تربیتی مراکز قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انڈسٹری سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ ان کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے۔اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے قائم فنی تربیت کے اداروں کو بھی افرادی قوت کی تربیت کے پراجیکٹ کا حصہ بنایا جائے گا اور درکار افرادی قوت کی جلد ے جلد تربیت کے لئے خصوصی سنٹر بنائے جائیں گے۔مختلف شعبہ جات کے لئے درکار افرادی قوت کو پورا کرنے کے لئے لیبر کو ایڈوانس جاب کنٹریکٹ دے کر تربیت فراہم کی جائے گی اور تربیت مکمل ہوتے ہی انہیں ملازمت پر رکھ لیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق آئندہ سال تک یہاں 70ہزار افراد کو روزگار ملے گا جبکہ پہلے سال میں صرف چینی زبان پر عبور رکھنے والے 20 ہزار مقامی افراد کوملازمت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک نے اکنامک زونز کے قریبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے یہ طے کیا گیا ہے کہ 25 فیصد ملازمتیں مقامی آبادی کو دی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ اکنامک زون میں اراضی کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک فیصد مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔شہر سے آنے والی لیبر کی آمدورفت کے لئے خصوصی ٹرین سروس چلانے کا منصوبہ فیڈمک نے اکنامک زونز میں کام کرنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والی لیبر اور ملازمین کی سہولت کے لئے ایک خصوصی شٹل ٹرین سروس چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

اس سلسلے میں ریلوے حکام سے ابتدائی بات چیت بھی ہو چکی ہے۔میاں کاشف نے کہا کہ اس سروس کے لئے ٹرین کی خریداری یا لیز کے اخراجات فیڈمک کی طرف سے ادا کئے جائیں گے جبکہ پٹڑی محکمہ ریلوے کی ہو گی۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور ویلیو ایڈیشن سٹی میں لیبر کی سہولت کے لئے چار سے پانچ ریلوے اسٹیشن بھی قائم کئے جائیں گے۔