سعودی خواتین ایک اور شعبے میں مردوں کے برابر آ گئیں

فائیو اسٹار اور دیگر ہوٹلز میں اب مردوں کی جگہ زیادہ گنتی میں خواتین کو تعینات کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 20 جنوری 2020 13:51

سعودی خواتین ایک اور شعبے میں مردوں کے برابر آ گئیں
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2020ء) سعودی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ اس وقت مملکت کے تقریباً ہر شعبے میں ان کی شمولیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور وہ پُورے اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ حتیٰ کہ ایسے پیشے جو پہلے مردوں کے لیے مخصوص تھے ان میں بھی خواتین نے ایسی دبنگ انٹری دی ہے کہ اپنی محنت اور صلاحیت سے مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔

اُردو نیوز نے عکاظ اخبار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سعودی فائیو اسٹار اور دیگر ہوٹلز میں اب مردوں کی جگہ زیادہ گنتی میں خواتین کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے شعبہ مارکیٹنگ کی ڈائریکٹر ' مرام مطابعجی' نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ”جب میں نے ہوٹل میں نوکری کا آغاز کیا تو ایک احساس تھا کہ کیا میں کامیاب ہو سکوں گی؟ اس احساس کو میں نے خود ہی یہ کہہ کر رد کر دیا کہ جب دیگر ممالک میں خواتین اہم ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہیں تو ہم میں کیا کمی ہے؟'پہلے دِن سے ہی میں نے اس انجانے خوف کو ختم کردیا جس سے میرے اندر خود اعتمادی بحال ہو گئی اور میں کامیابی سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہی۔

(جاری ہے)

اب میں اس مقام پر ہوں جس کے بارے میں قبل ازیں یہ تصور عام تھا کہ اس پوسٹ پر صرف مرد ہی کام کر سکتے ہیں'۔ایک اور ہوٹل میں ڈائریکٹر سیلز کے عہدے پر متعین عبیر مداح کا کہنا ہے کہ ' سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں سب سے اہم خوداعتمادی کا عنصر ہے جو ہمیں مملکت کے ویژن 2030 کی وجہ سے ملی اور ہمیں بہتر مواقع فراہم کیے گئے۔ایک ہوٹل کی خاتون ڈائریکٹر جنرل سعدخیاط نے بتایا کہ ہوٹلنگ اور سیاحت کا شعبہ کافی وسیع ہے جس میں سعودی خواتین انتہائی کامیابی سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین نے یہ ثابت کر دیا کہ ان میں آگے بڑھنے کی بھرپورصلاحیت ہے جس کے تحت وہ بڑے سے بڑے چیلنجوں کا بخوبی مقابلہ کر سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :