سینیٹ اجلاس، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سے متعلق دستور (ترمیمی) بل 2019ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد

پیر 20 جنوری 2020 17:04

سینیٹ اجلاس، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سے متعلق دستور (ترمیمی) ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) سینیٹ میں الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سے متعلق دستور (ترمیمی) بل 2019ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔ پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر سراج الحق نے تحریک پیش کی کہ دستور (ترمیمی) بل آرٹیکل 213 میں ترمیم پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سے متعلق یہ بل پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کو قائمہ کمیٹی میں بھجوایا جائے تاکہ اس پر تفصیلی غور ہو سکے جس کے بعد ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی اور بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی سیٹیں پچھلے سال 26 جنوری سے خالی ہیں اور حکومت انہیں 45 دن میں مکمل کرنے کی پابند تھی لیکن وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی کمیٹی میں بھی اس پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد حکومت نے سندھ اور بلوچستان سے دو ارکان کی تقرری کی لیکن چیف الیکشن کمشنر نے ان سے حلف لینے سے انکار کر دیا۔ اس بل کے تحت یہ ترمیم تجویز کی جا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان پر اگر پارلیمانی کمیٹی میں بھی اتفاق رائے نہیں ہوتا تو یہ معاملہ جوڈیشل کمیٹی کو بھجوایا جائے اور جوڈیشل کمیٹی چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے دو سینئر ججوں اور متعلقہ صوبوں کے چیف جسٹس ہائی کورٹس پر مشتمل ہو اور یہ کمیٹی جلد سے جلد بھجوائے جانے والی فہرست میں سے تقرری کے لئے ناموں پر غور کرے۔