وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس،پی آئی سی میں وکلاء کی ہنگامہ آرائی اورپولیس کے رول کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش

پیر 20 جنوری 2020 19:31

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس،پی آئی سی میں وکلاء کی ہنگامہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلاء کی ہنگامہ آرائی اورتوڑ پھوڑ کے واقعہ اورپولیس کے رول کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر نے انکوائری رپورٹ پیش کی ۔

وزیراعلیٰ نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پی آئی سی کے ذمہ داران کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اورغفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔انہوںنے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سانحہ پی آئی سی جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

پولیس اور سکیورٹی اداروں کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنا چاہیئے۔عوام کی جان ومال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے ۔ پولیس اور دیگر ادارے اپنے فرائض مستعدی سے سرانجام دیں، حکومت ان کے ساتھ ہے۔صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد ہاشم ڈوگر،رائے محمد تیمور خان بھٹی،انصر مجید خان نیازی، چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور سول وعسکری اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔