سینئر سیاست دانوں کا کراچی میں ڈیرا،نئے سیاسی اتحاد کی تشکیل کافیصلہ

عوام اور پاکستان کو مشکل سے نکالنے کا عزم رکھتے ہیں، نثارمیمن،اقبال ڈار اور دیگرکا خطاب

پیر 20 جنوری 2020 19:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) سابق وفاقی وزیر وسینیٹرنثارمیمن ،پاکستان مسلم لیگ جونیجو کے سربراہ اقبال ڈاروارثی اورعلماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیراحمدعمران نقشبندی نے سندھ بھر کے سیاسی سماجی رہنماؤں کے اجلاس میں وطن عزیز کے موجودہ حالات کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی خلا کو پرکرنے اور عوام میں پھیلنے والے احساس محرومی اور مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی و اقربا پروری کے خاتمے کے لئے نئی سیاسی قوت مہیا کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان انہوں نے دیگر سیاسی وسماجی رہنمائوں کی علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے مرکزی دفتر آستانہ عالیہ بھیج پیرجٹا میں موجودہ ملکی سیاسی حالات اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان مسلم الائنس کے صدرامان اللہ پراچہ،متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانامحمدامین انصاری،محمدشکیل قاسمی، سردار محمد اقبال، معیز الحسن، حاجی جمیل بابر ولیانی،مرزا سلیم بیگ،آغا افسر علی ، شفقت کمالانی،محمد اشرف،ندیم حسین،سردار زبیر خان،محمد بلال بٹ،افتخار احمد وارثی ،انجمن تاجران کے رہنما محمدسلیم الدین شیخ،سردار خان ، سید معین الدین شاہ، محمدجنید،محمد سبحان گورایا اور دیگر بھی موجود تھے۔

سابق وفاقی وزیر نثاراحمدمیمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیااتحاد مقاصد پاکستان کی تکمیل کی نوید ثابت ہوگا،قیام پاکستان والے جذبے کی یادیں تازہ کردیں گے۔پاکستان کے موجودہ حالات انتہائی تشویشناک صورتحال اختیارکرچکے ہیں،ایسے میں محب وطن سیاسی قوتوں کو میدان عمل میں آنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید سیاسی شخصیات کو اتحاد میں شامل کریں گے، ہمارے رابطے ملک بھرکی اہم سیاسی مذہبی جماعتوں اور شخصیات سے ہورہے ہیں، ان شاء اللہ اگلے چند روزمیں نئے سیاسی اتحاد کااعلان کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ عوام اور پاکستان کو مشکل سے نکالنے کا عزم رکھتے ہیں، وطن عزیز کو بازیچہء اطفال نہیں بننے دیںگے، ملکی استحکام اور ملی وحدت کے لئے تمام کاوشیں اور کوششیں بروئے کارلائیں گے۔پیر صاحبزادہ احمدعمران نقشبندی مرشدی نے کہاکہ موجودہ دورحکومت میں عوام کی حالت بدسے بدتر ہوچکی ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے لوگوں کا جینامحال کررکھاہے ،حکمرانوں کو جواب دیناہوگا،قوم میں شعور بیدارہوچکاہے، نیااتحاد قائداعظم محمدعلی جناح ،علامہ اقبال کے خوابوں کی حقیقی تعبیر ثابت ہوگا۔

شرکاء اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان کو اب ہرسچے اور محب وطن پاکستانی کی اشد ضرورت ہے اور مجوزہ پلیٹ فارم کو ہم خیرالبشر اور پاکستان کی سلامتی سے منسوب کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی طے ہواکہ جلد ہی ایسے اقدامات کئے جائیں گے کہ عام آدمی کی موجودہ مشکل حالات میں نہ صرف رہنمائی فراہم کی جائے گی بلکہ سینئر سیاستدانوں کے تجربے اور صلاحیت سے ان کے مسائل کو حل بھی کیاجائے گا،ہم عام آدمی کو سرکاری محکموں کی ناانصافیوں سے نبردآزما ہونے کی تربیت اور قوانین وSOP'sسے آگاہ کرنے کا بھی اہتمام کریں گے تاکہ وہ اپنے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ دوسروں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت حاصل کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی، بے روزگاری، پانی ،بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضرورتوں پر منتخب نمائندوں کی مجرمانہ خاموشی پر عوام کی آوازمیں عملی طورپر شامل ہوکر اس کو مؤثر بنائیں گے۔ اس موقع پر اگلے اجلاس کا بھی اعلان کیاگیا جو 22جنوری کو سرداراقبال خان کی میزبانی میں کراچی میں منعقدہوگا۔