یوم کشمیر کی مناسبت سے کشمیر پل انڈر پاس کو ’’ آزادی کشمیر کی جدوجہد‘‘ کے تھیم کے حوالے سے سجایا جائے گا، ڈی جی ایف ڈی اے

پیر 20 جنوری 2020 20:00

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) یوم کشمیر کی مناسبت سے کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس کو ’’ آزادی کشمیر کی جدوجہد‘‘ کے تھیم کے حوالے سے سجایا جائے گا۔ اس ضمن میں ابتدائی اقدامات عنقریب شروع کئے جارہے ہیں ۔ اس امر کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے کشمیر پل انڈر پاس کے تعمیراتی پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

ایم پی اے فردوس رائے بھی ان کے ہمراہ تھیں جبکہ چیف انجینئر ایف ڈی اے شاہد محمود ‘ حسن ظہیر ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے حکم دیا کہ کشمیر پل انڈر پاس کے اطراف میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم فوری طورپر آویزاں کئے جائیں جبکہ کشمیر پل انڈر پاس کی شناخت کو واضح کرنے کے لئے تکمیل کے مراحل میں آزادی کشمیر کی جدوجہد اور مقامی ثقافت کے اعتبار سے تزئین و آرائش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاکید کی کہ انڈر پاس کے اطراف اور نہر کے کنارے دستیاب جگہوں پر خوبصورت اور پرکشش لینڈ سکیپنگ کے لئے بھی اقدامات شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شرقی جانب کے انڈر پاس کو ٹریفک کیلئے جلد کھولنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں تعمیراتی رفتار کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے ٹارگٹ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ دو ہفتے تک نہر کے شرقی جانب انڈر پاس کو ہر لحاظ سے تیار ہونا چاہیے جبکہ اسکی تزئین و آرائش کے لئے بھی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے ۔

انہوں نے انڈر پاس کے اردگرد صفائی ستھرائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی جانب کھدائی کے باعث شہریوں کے تحفظ کے لئے حفاظتی حصار لگایا جائے جبکہ متبادل روٹس کی سڑکوں کے گڑھوں کی مرمت بھی بلا تاخیر ہونی چاہیے۔ ایم پی اے فردوس رائے نے کشمیر پل انڈر پاس کو شہر کی تعمیر وترقی میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی ترقی اور معاشی انقلاب کے حوالے سے کینال ایکسپریس بڑی اہمیت کی حامل ہے جس میں کشمیر پل انڈر پاس سے ٹریفک کے آسان بہائو کے لئے بے حد ریلیف حاصل ہو گا ۔ انہوں نے بہتر مانیٹرنگ سے تعمیراتی رفتار تیز کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ کی کاوشوں کو سراہا ۔