کلبز اور کھلاڑیوں کی سرپرستی پراعجاز فاروقی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معین خان

آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی انوٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں منٹگمری جیمخانہ کی فتح

پیر 20 جنوری 2020 20:10

کلبز اور کھلاڑیوں کی سرپرستی پراعجاز فاروقی کو خراج تحسین پیش کرتا ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائز نگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی انوٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ٹی ایم سی گراونڈ پر منٹگمری جیمخانہ نے تاج اسپورٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم معین خان تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کراچی سے کلب کرکٹ کھیلتا رہا ہوں، یہاں کلب کرکٹ کا انعقاد ہو تو بڑی خوشی محسوس ہوتی ہے، کلبز اور کھلاڑیوں کی بے انتہاء سرپرستی پر اعجاز فاروقی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،80 ٹیموں کا ٹورنامنٹ بغیر کسی فیس کے کرانا کرکٹ کی بڑی خدمت ہے، اعجاز فاروقی جیسے کرکٹ سے محبت کرنے والے بے لوث لوگوں کی وجہ سے نہ صرف کرکٹ آرگنائزر کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ کرکٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی شارٹ کٹ سے بچیں اور بھرپور محنت کریں، محنت ضائع نہی جاتی اس کا ثمر ضرور ملتا ہے، بلند حوصلے کے ساتھ مثبت انداز میں کھیلیں اور ڈسپلن کا خیال رکھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ میں معین خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری دعوت پر اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، اس کے ساتھ میں تمام ٹیسٹ اور انٹرنیشنل کرکٹر ز اور محبوب شاہ اور تمام مہمان گرامی اور میڈیا نما ئندگان کا شکر گذار ہوں جنہوں نے تقریب میں شرکت کر کے اس ٹورنامنٹ کی شان میں ضافہ کیا ہے، میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کے انہوں نے میرے نام سے منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی اجازت مرحمت فرمائی، اس ٹورنامنٹ سے یقیناً کلب کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا، ہماری کوشیش ہے کہ کراچی میں کلب کرکٹ کو فروغ حاصل ہو، انٹر کلب ٹورنامنٹ کا یہ سلسلہ اب جاری رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی محمد توصیف صدیقی نے کہا کہ ہم پی سی بی کے شکر گذار ہیں جنہوں نے ہمیں ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اجازت دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں 80 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں 79 میچز کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے تقریب میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ٹورنامنٹ سیکریٹری جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کرکٹ کے فروغ میں اعجاز احمد فاروقی کا بڑا اہم کردار ہے، اعجاز فاروقی مسیحائے کرکٹ ہیں، بحیثیت صدر کے سی سی اے ان کے تین سالہ دور میں 2014 سے 2017 تک کے سی سی اے نے 908 میچز کا انعقاد کیا اور کراچی کی کرکٹ ترقی کی طرف گامزن تھی، تقریبا ڈھائی سال کے تعطل کے بعد کسی آل کراچی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہا ہے جس کے لئے ہم پی سی بی کے مشکور ہیں، امید ہے اس ٹورنامنٹ سے نو جوان کھلاڑی فائدہ اٹھائیں گے اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کریں گے۔

آخر میں انہوں نے تمام مہمانِ گرامی اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ٹیسٹ کرکٹر ز آصف مجتبی، توصیف احمد، جلال الدین، راشد خان، عظیم حفیظ، انٹر نیشنل کرکٹرز غلام علی ، محمود حامد، اطہر لئیق کے علاوہ محبوب شاہ، انوار الحق، ظفر احمد، محمد رئیس، اعظم خان، لیاقت علی، ظہیر الدین، محمد اکرم، جاوید خان، شہزاد عالم، سعید جبار، منیر قادری، محمد یامین، افضل قریشی، مسرت رضا، سید شاہد علی، ندیم خان، عارف وحید، ڈاکٹر عارف حفیظ، سعید علی، طارق حفیظ، طاہر محمود، امجد علی، محمد اسلم کاکڑ، محمد مسرور، فرید الدین، قمبر علی، شوکت راجپوت، عبدالصمد بلوچ، راشد احمد، عبدالروف، محمد عاشق، منور صدیقی، شہروزعلوی، عاصم بیگ، قاری عمر، نعیم پرویز اور ذیشان شاہ بھی موجود تھے۔

نظامت کے فرائض شاہد نواب نے سر انجام دیئے۔ قبل ازیں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں تاج اسپورٹس کی پوری ٹیم 365 اوورز میں 184 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، عامر آفریدی نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد 89 رنز بنائے، مظہر صدیقی نے 2 چھکوں کی مدد سے 28 رنز اور اجمل خان نے 5 چوکوں کی مدد سے 24 رنز اسکور کئے منٹگمری جیمخانہ کے لیفٹ آرم لیگ اسپینر سید طیب نے 34 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ رائٹ آرم لیگ اسپینر سمیر ناصر نے 29 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں منٹگمری جیمخانہ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ نوجوان بیٹسمین وہاج ریاض نے 7 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 68 رنز، حظیفہ حسن نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز جبکہ آریان علی نے ناقابلِ شکست 21 رنز اسکور کئے۔ عامر آفریدی نے 39 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ وہاج ریاض کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ایمپائرنگ کے فرائض طاہر رشید اور عاصم رضوی نے سر انجام دیئے جبکہ آفیشل اسکورر کے فرائض سلمان حسین کاظمی نے انجام دیئے۔