(ق) لیگ نے وزارت اعلی کیلئے خواہش کا اظہار کیا اور نہ ہی سردار عثمان بزدار تبدیل ہورہے ہیں‘چوہدری محمد سرور

ق) لیگ اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت گرانے کے کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنیں گے‘گورنر پنجاب

پیر 20 جنوری 2020 21:08

(ق) لیگ نے وزارت اعلی کیلئے خواہش کا اظہار کیا اور نہ ہی سردار عثمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ (ق) لیگ نے وزارت اعلی کیلئے خواہش کا اظہار کیا اور نہ ہی سردار عثمان بزدار تبدیل ہورہے ہیں۔جب تک وزیر اعظم عمران خان اور پنجاب اسمبلی سردار عثمان بزدار کے ساتھ ہے انکو کوئی خطرہ نہیں ،ق لیگ اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت گرانے کے کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنیں گے۔

اتحادی جماعتوں کے شکوے شکایت اور ناراضگیاں ہوتی رہتی ہیں جو دور ہوجائیں گی۔حکومت ملک میں سر مایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے جسکی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں سمیت غیر ملکی سر مایہ کار پاکستان میں آرہے ہیں ،صوبے میں آٹے کا کوئی بحران نہیں عوام کو آٹے اور چینی سمیت تمام اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

وہ سوموار کے روز لاہور میں اوورسیز پاکستانی میاں طارق کے ڈیٹا سنٹر کا افتتاح کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ یورپ سمیت جن بھی ممالک میں اتحادی حکومتیں بنتی ہیں ان میں اتحادیوں کے بعض معاملات پر شکوے شکایتیں ہوجاتیں ہیں ہماری حکومت کے بارے میں بھی بہت سے باتیں ہو رہی ہیں لیکن جمہوریت اور حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطر ہ نہیں ہم آئینی مدت پوری کر یں گے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ (ق) لیگ اور ایم کیوایم کیساتھ حکومتی ٹیم مکمل رابطے میں ہے۔

اور ان کے تمام تحفظات دور کیے جا رہے ہیں (ق) لیگ ،ایم کیوایم اور بلو چستان نیشنل پارٹی مینگل سمیت تمام اتحادی جمہوریت اورحکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔اور سب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ حکومت کو گرانے کے کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنیںگے اپوزیشن کو بھی چاہیے وہ آئندہ عام انتخابات کا انتظار کر یں عوام نے ہمیں پانچ سال حکومت کر نے کا مینڈ یٹ دیا ہے اس لیے آئینی مدت پوری کر نا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

تحر یک انصاف کے اراکین اسمبلی کی ناراضگیوں کے حوالے سے گور نر پنجاب نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کیساتھ ہے پارٹی میں اگر کوئی اختلاف رائے کر ے تو یہ جمہوریت کا حسن ہے اراکین اسمبلی بھی اپنے حلقوں میں وعدے کرکے ووٹ لیتے ہیں۔ حکومت تمام اراکین اسمبلی کے حلقوں میں تر قیاتی کاموں سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم سے تبدیلی کاوعدہ کیا ہے اس لیے ہم عوامی مسائل کے حل میں محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رہے ہیں وزیر اعظم عمران خان انتہائی محنت کررہے ہیںہم ایسے اقدامات کریں گے کہ کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمدسرور نے کہا کہ (ق) لیگ میں سے کسی نے وزیر اعلی پنجاب بننے کیلئے خواہش کا اظہار نہیں کیا وزیر اعلی کی تبدیلیاں کی باتیں صرف افواہیں ہیں ۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار تبد یل نہیں ہو رہے کیونکہ جب تک وزیر اعظم عمران خان اور پنجاب اسمبلی سردارعثمان بزدار کے ساتھ ہے انکو کوئی خطرہ نہیں۔