آئی جی پنجاب کی بہاولنگر میں کامیاب کاروائی پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت

سی ٹی ڈی ٹیم نے بہاولنگرمیں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا،03خطرناک دہشت گرد گرفتار، آتشی اسلحہ بھی برآمد

پیر 20 جنوری 2020 21:08

آئی جی پنجاب کی بہاولنگر میں کامیاب کاروائی پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے بہاولنگر میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں تین خطرناک دہشت گردوں کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں دہشت گرد اورشدت پسند عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں تاکہ کالعدم تنظیمیں اور تخریب کاروںکے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ دہشت گرد کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کے خلاف بھی خصوصی آپریشنز کئے جائیں تاکہ سماج دشمن عناصر معاشرے کا امن تباہ کرنے کے اپنے مذموم مقاصد میںکامیاب نہ ہوسکیں ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سی ٹی ڈی انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس کی بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی اسکی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) بہاولنگر نے آج انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے ہارون آباد بائی پاس سے کالعدم تنظیم سے وابستہ تین خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے آتشی اسلحہ بھی برآمدکرلیا ۔ گرفتار دہشت گردوں میں عمران ، محمد عابد سہیل اور محمد رضا شامل ہیں ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی نے اپنے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا اورملزمان کے قبضے سے 07ڈیٹونیٹرز،سیفٹی فیوز، بال بیرنگ کے دو باکس،ایک الیکٹرک بیٹری ، ایک الیکٹرک سوئچ سمیت دو شاپنگ بیگوں میںبارودی مواد بھی برآمد کیا ۔

ملزمان بہاولنگر میں حساس تنصیبات پر دہشت گردانہ حملے کی پلاننگ کر رہے تھے جسے بروقت کاروائی سے ناکام بنادیا گیا ۔ ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔