شہد کی صنعت کو ترقی دے کر 20 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے، رپورٹ

پیر 20 جنوری 2020 21:23

شہد کی صنعت کو ترقی دے کر 20 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) شہد کی صنعت کو ترقی دے کر 20 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے، برآمدات میں اضافہ سے قیمتی زرمبادلہ کما کر قومی معاشی اہداف کے حصول میں بھی مدد ملی جا سکتی ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے شہد کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے ۔ معروف تجزیہ کار انس خان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہد کی قومی صنعت سے اس وقت 10 لاکھ افراد کا روزگار وابستہ ہے تاہم اگر حکومت اس صنعت پر توجہ دے تو 20 لاکھ لوگوں کے روزگار کا بندوبست کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہد کی صنعت کی ترقی سے اس کی برآمدات کا بھی 700 کنٹینرز سے 3 ہزار کنٹینرز تک بڑھایا جا سکتا ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں 300 فیصد زیادہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والا بیری کا شہد دنیا بھر میں مشہور ہے اور عرب ممالک اس کی بڑی درآمدی منڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شہد کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔ طوفانی بارشوں اور برف باری سے درجہ حرارت میں کمی کے باعث پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہد کی صنعت کی ترقی سے روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔