Live Updates

آٹے کی قیمت میں اضافہ کرکے حکمرانوں نے عوام کی چیخیں نکلوادیں ہیں : جاوید قصوری

پیر 20 جنوری 2020 21:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور اس حوالے سے بے داغ افراد سامنے لائے جائیں گے۔ الحمد للہ جماعت اسلامی کے لوگوں نے ایوانوں میں پہنچ کر اور ایوانوں سے باہر بھی بے لوث خدمت کی ہے۔

پاکستان کے عوام نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے بعد تحریک انصاف کی تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے۔ تینوں ایک ہی کشتی کے مسافر نکلے ہیں۔ تینوں جماعتوں نے عوام کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک و قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ نا اہلوں کا ٹولہ ہے جس کے ہاتھ میں ملک کی بھاگ دوڑ دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی کارکرگی صرف اور صرف ٹویٹر اور اخبارات بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کی نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔ ملک و قوم کے خون پسینے کی کمائی کسی کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکمرانوں کے عوام ریلیف فراہم کرنے کے تمام وعدے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جن حالات سے دوچار ہے ایسے مایوس کن حالات پہلے کبھی نہ تھے۔

کرپشن اور کرپٹ افراد کے قلع قمع کرنے کی بتیں کرنے والے ہی نیب آرڈیننس لا کر منظور نظر لوگوں کو بچانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے۔ ہم ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ ملک میں حقیقی اپوزیشن کا کردار جماعت اسلامی ادا کررہی ہے۔ ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اور ان کو درپیش مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیںگے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ صوبے سمیت ملک بھر میں آٹے کا بحران سنگین ہو گیا ہے ۔ فلورملوں نے سپلائی روک دی ہے۔ جبکہ چکی مالکان نے قیمت کم کرنے سے انکا ر کردیا ہے۔ حکومت زور زبردستی کی بجائے فلور ملز مالکان کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرتے ہوئے ان کے تمام جائز مطالبات کو فی الفور پورا کریں۔ آٹا بحران پر وزراء کے غیر دانشمندانہ بیانات عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات