سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں فوری بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے دائرآئینی درخواست پر الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری

پیر 20 جنوری 2020 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں فوری بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے دائرآئینی درخواست پر الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی الیکشن فوری کرائے جانے سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت ہوئی۔سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبے میں بلدیاتی سسٹم اپنی مدت پوری کرچکا ہے،شہر کا میئر، ڈپٹی میئر ، کونسلر ،چیئر مین و دیگر غیر آئینی و غیر قانوی طریقے سے کام کر رہے ہیں،لوکل گورنمنٹ فوری انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے اور الیکشن کمیشن 4 ماہ کے اندر انتخابات منعقد کروائے۔

لوکل گورنمنٹ جان بوجھ کر سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروا رہے ہیں،حکومت سندھ کے وزراء میڈیا پر کہہ رہے ہیں کہ انتخابات 30 اگست 2020 کو منعقد eکروائیں جائیں گے،بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کے بنیادی مسائل میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی نمائندے اپنی مدت مکمل کرچکے ہیں، تمام نمائندے بشمول میئر ، ڈپٹی میئراوردیگر کو کام کرنے سے روکا جائے،بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمیشن ،حکومت سندھ اور سیکریٹری بلدیات سمیت دیگر کونوٹس جاری کرتے ہوئے تمام فریقین سے 7 فروری تک جواب طلب کرلیا۔#