Live Updates

وزیرمملکت علی محمد خان کی دورہ پشاور کے دوران محکمہ بلدیات آمد

عوامی نمائندوں کی نشاندہی پر جہاں کہیں بھی عوامی امور پر کام کرنے کی ضرورت ہو، محکمہ بلدیات اس پرہنگامی بنیاد پرکام کرے گا۔ کامران بنگش

پیر 20 جنوری 2020 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ اس وقت پورے صوبے میں محکمہ بلدیات کے ہزاروں ملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بغیر کسی سیاسی تعلق کے ہر کسی کو سہولیات پہنچانا حکومت کا ایجنڈا ہے۔ صوبے کے بڑے شہروں میں بالخصوص اور چھوٹے شہروں میں بالعموم صحت و صفائی کے حوالے سے محکمہ بلدیات روزانہ کی بنیاد پر عوام کو اپنی خدمات پہنچا رہا ہے۔

صوبے کے دوسرے بڑے شہر مردان میں محکمہ بلدیات 24 گھنٹے متحرک ہے، اور جہاں کہیں عوام کو ہماری خدمات کی ضرورت ہوتی ہے وہاں محکمہ ہمہ وقت تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے ساتھ پشاور پیر کے روز ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے کامران بنگش کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوان ممبران پارلیمنٹ کو عوامی خدمت کی ذمہ داریاں دی جائیں تاکہ پاکستان کوفلاحی ملک بنانے کی جانب پیش رفت تیز ہو۔

علی محمد خان نے ضلع مردان میں محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری عوامی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ این اے 22- میں صحت و صفائی، نکاسی آب سمیت دیگر عوامی منصوبوں پر بلا کسی تاخیر کے کام جاری ہے جو خوش آئند ہے۔ بلدیات کامران بنگش نے وزیر مملکت علی محمد خان کو یقین دلایا کہ عوامی نمائندوں کی نشاندہی پر جہاں کہیں بھی عوامی امور پر کام کرنے کی ضرورت ہو، محکمہ بلدیات اسے ایمرجنسی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔ تمام ملازمین کو اس سلسلے میں واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات