استور میں برفانی تودہ گر گیا

سرحدی گاؤں ٹٹوال میں 5 گھر تباہ ہو گئے، 16 افراد ملبے تلے دب گئے

Usama Ch اسامہ چوہدری پیر 20 جنوری 2020 20:51

استور میں برفانی تودہ گر گیا
استور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 20 جنوری 2020) : استور میں برفانی تودہ گر گیا، تفصیلات کے مطابق استور کے سرحدی گاؤں ٹٹوال میں برفانی تودہ گر گیا ہے جس کے باعث 5 گھر تباہ ہو گئے ہیں۔ تودہ گرنے سے 16 افراد ملبے تلے دب گئےہیں۔ حکام کا بتانا ہے کہ برفانی تودہ گرنے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برف باری شروع ہو گئی تھی، ایک مکان پر برفانی تودہ گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔

برفانی تودہ گرنے کا واقعہ استور کے علاقے قمری تھلی میں پیش آیا تھا جہاں واقع ایک مکان پر برفانی تودہ گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ادھر غذر میں برف باری تھم جانے کے بعد برفانی تودے گرنے کا سلسلہ جاری تھا۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ شدید برف باری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر برفانی تودہ گرنے سے لواری چترال کی طرف سے ٹنل بند ہو گئی تھی، جہاں سے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔

برف باری کے باعث تار ٹوٹنے سے مری میں 2 روز سے بجلی کی فراہمی معطل تھی۔ گلگت بلتستان میں ریکارڈ برف باری کے باعث تمام بالائی اضلاع استور، غذر، دیامر، ہنزہ نگر اور بلتستان کے تمام اضلاع کے زمینی رابطے منقطع ہو گئے تھے۔ شاہراہِ قراقرم گلگت راولپنڈی سیکشن اور گلگت اسکردو شاہراہ بند تھی، 5 سے 6 فٹ برف پڑنے سے لوگ گھروں میں محصور اور معمولاتِ زندگی مفلوج ہوگئے تھے۔ کے ٹو بیس کیمپ کے ذرائع کے مطابق کے ٹو بیس کیمپ میں 120 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے برفانی طوفانی ہوائیں چل رہی تھیں جبکہ پہاڑوں کی انتہائی بلندی پر برفانی طوفان کی رفتار 240 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی، براوٹ پیک بیس کیمپ میں طوفان نے کوہ پیماوں کے خیمے اکھاڑ دیے تھے۔