پنجاب کے دل لاہورسے تحریک آغاز کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

19مارچ کولاہور میں آئین پاکستان کانفرنس ہوگی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کیلئے دروازے بند نہیں، دونوں جماعتیں اپنے حجم کے مطابق ساتھ دیتیں تو صورتحال مختلف ہوتی۔ میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 جنوری 2020 21:50

پنجاب کے دل لاہورسے تحریک آغاز کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جنوری 2020ء) جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب کے دل لاہورسے تحریک آغاز کر رہے ہیں، 19مارچ کولاہور میں آئین پاکستان کانفرنس ہوگی،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کیلئے دروازے بند نہیں، دونوں جماعتیں اپنے حجم کے مطابق ساتھ دیتیں تو صورتحال مختلف ہوتی۔ جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دل لاہورسے آغازکر رہے ہیں۔

19مارچ کولاہور میں آئین پاکستان کانفرنس ہوگی۔ چاروں صوبوں میں کنونشنز منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں قوم کی ترجمانی ہوئی۔ ہم نے ہمت نہیں ہاری ہم آزادی مارچ سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کیلئے دروازے بند نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

ن لیگ اور پیپلزپارٹی اپنے حجم کے مطابق ساتھ دیتی تو صورتحال مختلف ہوتی، دونوں جماعتوں نے ہمارا علامتی ساتھ دیا۔

عوام میں مایوسی پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آٹا نہیں مل رہا، صدر کہتے ہیں ان کومعلوم نہیں ہے۔ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے لیکن وزراء قوم کا تمسخراُڑا رہے ہیں۔ ایک وزیر کہتا لوگ کھانا کھا رہے۔ واضح رہے جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محمود خان اچکزئی، حاصل بزنجو، آفتاب شیرپاؤ اور اکرم درانی شریک ہوئے۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک اوراپوزیشن کی حکمت عملی پرغورکیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کی پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئندہ پیپلزپارٹی اورن لیگ سے مشاورت جاری رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے بھی لائحہ عمل تیار کیا گیا۔