بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پھر سے طوفانی برفباری اور بارشوں کی پیشن گوئی

لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے اور سیاحوں کو اپنے تمام پلان فی الحال منسوخ کرنے کی تلقین کر دی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 21 جنوری 2020 00:17

بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پھر سے طوفانی برفباری اور بارشوں کی پیشن ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2020ء) بلوچستان اور گلگت بلتستان میں پھر سے طوفانی برفباری اور بارشوں کی پیشن گوئی، لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے اور سیاحوں کو اپنے تمام پلان فی الحال منسوخ کرنے کی تلقین کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ایک بار پھر برفباری اور طوفانی باررشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ ، زیارت، چاغی ، سبی ، ہرنائی میں بارش اور قلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو 22جنوری کی شب تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس تمام صورتحال میں محکمہ پی ڈی ایم اے نے عوام الناس سے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ جبکہ محکمہ پی ڈی ایم اے ، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کی تیاری کر لی ہے۔

(جاری ہے)

برف باری کی صورت میں شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت برقرار رکھنے کے لیے  بھاری مشنری اور عملہ قومی شاہراہوں پر تعینات ہے تاہم پھر بھی لوگوں سے اپیل کی گئی ہے وہ غیر ضروری نقل و حرکت محدود کر دیں۔ خاص کر بلوچستان سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ جانے والے افراد کو تلقین کی گئی ہے کہ بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ تھمنے تک سفر کرنے سے گریز کریں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی خیبرپختو نخوا اور بالائی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی مسلسل برفباری ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وہاں سیاحوں کی بڑی تعداد کے پھنس جانے کی اطلاعات ہیں۔ ایسے میں سیاحوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ موسم بہتر ہونے تک ان علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔