بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ میزائلوں سے حملہ

حملے میں عراقی دارالخلافہ بغداد کے گرین زون میں امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنایا گیا، 3 راکٹ میزائل داغے گئے: خبر ایجنسی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 21 جنوری 2020 03:59

بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ میزائلوں سے حملہ
بغداد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 21 جنوری 2020ء) بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ میزائلوں سے حملہ، عراقی دارالخلافہ بغداد کے گرین زون میں امریکی سفارتخانے پر حملہ کیا گیا ہے، حملے میں 3 راکٹ میزائل داغے جانے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عراقی دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے پر ایک اور زبردست حملہ کیا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق گرین زون بغداد میں امریکی سفارت خانے پر 3 راکٹ میزائل داغے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کے رات امریکی سفارتخانے کے قریب کم سے کم دو راکٹ میزائل داغے گئے ہیں جبکہ تیسرا راکٹ بھی گرین زون کمپلیکس میں کہیں دوسری جگہ گرا ہے، سکیورٹی ذرائع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ بغداد کے مضافات میں واقع ایک ضلع سے کیا گیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر ضلع کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں کمپلیکس کا نزدیکی علاقہ دکھایا جا رہا ہے جہاں ہنگامی حالت کے باعث سائرن بجنے کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں
یاد رہے کہ یہ حملہ رواں مہینے میں اسی طرح کے واقعات کا ایک سلسلہ ہے، گزشتہ منگل کو بھی بغداد کے شمال میں واقع امریکی اتحاد کے ایک فوجی اڈے تاجی کے قریب ایک زور دار راکٹ میزائل فائر کیا گیا تھا جس میں کم از کم ایک عراقی فوجی زخمی ہوا تھا۔ اس سے کچھ دن پہلے آٹھ کتیوشا راکٹ میزائل امریکی فوج کے ہوائی اڈے البلاد پر داغے گئے تھے جس میں 4 عراقی فوجی زخمی ہوئے تھے، تاہم حملوں کی ذمہ داری کسی بھی عسکری گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔