سرگودھا میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے لئے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان اپنا کردار ادا کرے، زاہد سعید

منگل 21 جنوری 2020 10:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) سرگودھا میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے لئے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) اپنا کردار ادا کرے، سرگودھا میں ڈرائی پورٹ کے قیام سے کینو کی قومی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور برآمدات کا حجم 500 ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکے گا۔ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) سے بزنس شاہین الائنس کے وفد نے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

وفد میں ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے سابق صدر زاہد سعید ، ارشد پراچہ، بزنس مین پینل کے (فیڈرل) سیکرٹری جنرل چوہدری جواد احمد، شیخ فاروق وہرا، لیاقت وڑائچ، ذیشان خالق اور الائنس کے دیگر اراکین بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے ایف پی سی سی آئی کے صدر سے گفتگو کے دوران کہا کہ مقامی تاجر برادری کو ایف بی آر کی جانب سے مختلف مسائل کاسامنا ہے جن کے خاتمہ کے لئے ایف پی سی سی آئی کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا کی مقامی تاجر و کاروباری برادری کو نہ صرف ایف بی آر کی جانب سے مشکلات درپیش ہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی مسائل کا سامنا ہے ۔ وفد نے کہا کہ سرگودھا چیمبر پنجاب کی قدیمی چیمبرز میں شامل ہے لیکن ابھی تک چیمبر کی اپنی کوئی مستقل عمارت نہیں ہے۔ تجارتی وفد نے میاں انجم نثار پر زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی حکومت پنجاب اور وزارت تجارت کے ساتھ رابطہ کرے تاکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے اجراء سے سرگودھا چیمبر کی عمارت کی تعمیر کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔

سرگودھا چیمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار نے بزنس شاہین الائنس کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی سرگودھا چیمبر کے مسائل کے خاتمہ کے لئے ہر طرح کا ممکنہ تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کو بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ سے استفادہ کرتے ہوئے نئی صنعتوں کے قیام پر توجہ دینی چاہیے جو ملک کی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل (فیڈرل) چوہدری جواد احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی ایف کے انتظامی بورڈ کے 71 ویں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سرگودھا چیمبر کی عمارت کی تعمیر کے لئے وزارت فنڈز فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں کینو کی 250 پراسیسنگ فیکٹریاں ہیں اور علاقہ سے 200 ملین ڈالر کی برآمدات کی جارہی ہیں۔ احمد جواد نے کہا کہ سرگودھا میں ڈرائی پورٹ کے قیام سے کینو کی برآمدات کا حجم 500 ملین ڈالر تک بڑھ جائے گا جس سے نہ صرف علاقہ کی ترقی و خوشحالی میں مدد ملے گی بلکہ اس سے قومی معیشت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔