مدینہ منورہ میں زائرین کے لیے شاندار سڑک کی تعمیر شروع

5 کلومیٹر لمبی شاہراہ مسجد نبوی سے شُہداء احد تک جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 جنوری 2020 12:13

مدینہ منورہ میں زائرین کے لیے شاندار سڑک کی تعمیر شروع
مدینہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21جنوری 2020ء) حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے غیر مُلکی زائرین کے لیے شاندار سہولت دی جا رہی ہے۔ مدینہ منورہ بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی سے شہداء احد تک 5کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔ اُردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کو جادہ اُحد کا نام دیا گیا ہے۔ آنے اور جانے والی اس دو رویہ سڑک کے 7، 7 ٹریک ہوں گے جس کے پہلے 3 ٹریک گاڑیوں، 2 بسوں اور 1 ٹریک موٹر سائیکل کے لیے مخصوص ہو گی جبکہ پیدل چلنے والے زائرین کے لیے بھی ایک ٹریک الگ سے تعمیر کیا جائے گاجس کی چوڑائی 9 میٹر ہو گی۔

موٹر سائیکلز کے لیے مخصوص ٹریک کی چوڑائی 2.8 میٹر ہو گی جبکہ مخصوص افراد کے لیے بھی ایک خصوصی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے۔ بلدیہ کے مطابق جادہ اُحد نامی سڑک کا آغاز مسجد نبوی سے ہو گی جو شہدا اُحد کے مقام پر ختم ہو گی۔

(جاری ہے)

پیدل چلنے والے زائرین کے لیے خصوصی قِسم کی گھاس بچھائی جائے گی جبکہ دائیں بائیں پندرہ ہزار درخت بھی لگائے جائیں گے۔ تاکہ اُنہیں شدید گرمی کی بجائے معتدل درجہ حرارت سے واسطہ پڑے ۔

اس شاہراہ کے دونوں جانب پارکنگ کے لیے بھی مقامات مختص کیے گئے ہیں۔تاکہ زائرین کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے کے حوالے سے کسی دُشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو شہداء اُحد کے مقام تک رسائی کے لیے بسوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ راستے میں واش رُومز اور کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگے ہوں گے تاکہ زائرین تھکاوٹ کی صورت میں وہاں پر رُک کر سستا لیں اور کھانے پینے سے بھی لطف اندوز ہو لیں۔ اس کے علاوہ زائرین کی رہنمائی کے لیے ساؤنڈ سسٹم کے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :